دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام بائیسواں دو روزہ عظیم الشان آل انڈیا مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم یکم اور دو نومبر کو دہلی میں حسب روایات نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہورہا ہے۔ جس میں پورے ملک سے بلاتفریق مسلک بڑی تعداد میں دینی مدارس وجامعات اور عصری اسکولوں ،کالجوں اور یونیورسیٹیوں کے طلبہ شریک ہورہے ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور پورے ملک میں مسابقہ کے تئیں قرأ و حفاظ اور طلبہ دینی و عصری جامعات کے اندر کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ اس مسابقہ کے کل چھ زمرے ہیں۔ زمرہ اول حفظ و تجوید قرآن کریم (کامل)، زمرہ دوم حفظ و تجوید قرآن کریم (بیس پارے)، زمرہ سوم حفظ و تجوید قرآن کریم (دس پارے)، زمرہ چہارم حفظ و تجوید قرآن کریم (پانچ پارے)، زمرہ پنجم ناظرہ قرآن کریم (کامل)، زمرہ ششم ترجمہ وتفسیر قرآن کریم پر مشتمل ہے۔ یہ جانکاری مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں دی گئی۔
اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم نے فرمایا کہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں کے نام آخری پیغام اور پوری انسانیت کے لیے ہدایت، رحمت اور رہنمائی کا ابدی سرچشمہ ہے۔ اس کی روشن تعلیمات انسان کو عقیدہ، عبادت، اخلاق، معاملات، معاشرت اور زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کا راستہ دکھاتی ہیں۔ قرآن کریم محض تلاوت کی کتاب نہیں، بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، جو عدل، امن، مساوات، اخوت، رواداری، انسانی احترام اور حقوق کی ادائیگی کی تعلیم دیتا ہے۔
انہوں نے اس مسابقہ کی اہمیت و ضرورت واضح کرتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ ملکی و عالمی تناظر میں جب کہ دنیا مختلف بحرانوں، جنگوں، ظلم و ناانصافی، اخلاقی زوال، معاشرتی انتشار اور فکری بے راہ روی کا شکار ہے۔ ایسے پْرفتن دور میں قرآن کریم کی تعلیمات کی ضرورت اور معنویت مزید بڑھ جاتی ہے۔ قرآن انسان کو اعتدال، صبر، برداشت، انصاف اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔ اگر بنو نوع انسان خصوصاً مسلمان قرآن کو سمجھ کر پڑھیں، اس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں اور دوسروں تک اس کا پیغام پہنچائیں تو فرد کی اصلاح کے ساتھ معاشرے میں امن، اتحاد، خوش حالی اور حقیقی ترقی کی راہ ہموار ہونا یقینی ہے۔
امیر محترم نے مسابقہ کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کے پیغام امن وانسانیت کو عام کرنے، اس کی تعلیم و تدریس ، تلاوت و تفہیم اور اس پر عمل کو ملک و معاشرہ میں رواج دینے اور نئی نسل کے اندر مسابقتی ذوق ورجحان پیدا کرنے کی غرض سے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ایک مدت سے ہر سال آل انڈیا مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کرتی آرہی ہے،جس میں پورے ملک سے بلاتفریق مسلک بڑی تعداد میں دینی مدارس وجامعات اور عصری اسکولوں ،کالجوں اور یونیورسیٹیوں کے طلبہ شریک ہوتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام سے عوام کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے باہمی رشتوں…
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25…
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری…
اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل بی ایس پی میں بڑی سیاسی تبدیلی، مایاوتی نے…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوئٹزرلینڈ کے صدر گائے پرمیلین کو بھارت کے مالا مال…
بالی ووڈ اداکار راج پال یادو کی مشکلات ایک بار پھر بڑھتی نظر آرہی ہیں۔…