نئی دہلی: اڈانی گروپ کے چیئرمین اور معروف صنعت کار گوتم اڈانی ایک بار پھر ایشیا کے سب سے امیر شخص بن گئے ہیں۔ فوربز کی ریئل ٹائم ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق گوتم اڈانی کی مجموعی دولت بڑھ کر 89.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد انہوں نے ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی اور سافٹ بینک کے بانی ماسایوشی سون کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔فوربز کے اعداد و شمار کے مطابق مکیش امبانی 88 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ ایشیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں، جب کہ جاپان کی سرمایہ کاری کمپنی سافٹ بینک کے سربراہ ماسایوشی سن 87 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ سون چند روز قبل تک ایشیا کے سب سے دولت مند فرد تھے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ سافٹ بینک کے حصص میں کمی کے بعد ان کی پوزیشن متاثر ہوئی۔گوتم اڈانی کی دولت کا بڑا حصہ اڈانی گروپ کی مختلف کمپنیوں میں ان کی حصص داری سے وابستہ ہے۔ جمعہ تک اڈانی گروپ کی چھ بڑی فہرست شدہ کمپنیوں کی مشترکہ مارکیٹ ویلیو تقریباً 191 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ ان میں اڈانی پاور 47.2 ارب ڈالر کی مالیت کے ساتھ سرفہرست رہی، جب کہ اڈانی پورٹس کی مالیت 44.2 ارب ڈالر، اڈانی انٹرپرائزز 44 ارب ڈالر، اڈانی گرین انرجی 26.4 ارب ڈالر، اڈانی انرجی سولیوشنز 19.9 ارب ڈالر اور اڈانی ٹوٹل گیس 8.8 ارب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ شامل ہیں۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران گوتم اڈانی کی دولت میں تقریباً 10 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا ،جب امریکہ کے محکمہ انصاف کی جانب سے اڈانی گروپ کے خلاف عائد کیے گئے مبینہ دھوکہ دہی کے الزامات کو مسترد کر دیا گیا۔ یہ الزامات شمسی توانائی کی فراہمی کے معاہدوں سے متعلق 250 ملین ڈالر کے ایک مبینہ لین دین سے جڑے ہوئے تھے۔ اڈانی گروپ نے ابتدا ہی سے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
گوتم اڈانی کی ایشیا کے امیر ترین شخص کے طور پر واپسی خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ گزشتہ چند برسوں میں ان کی کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو مختلف تنازعات اور الزامات کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی۔ امریکی شارٹ سیلر فرم ہنڈن برگ ریسرچ نے 2023 میں اڈانی گروپ پر شیئر قیمتوں میں ہیرا پھیری اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے تھے۔ قابل ذکر بات یہ ہےکہ بعد میں بھارتی ریگولیٹری اداروں نے کہا تھا کہ ان الزامات کے حق میں کوئی حتمی ثبوت سامنے نہیں آئے اور دعوے ثابت نہیں ہو سکے۔گزشتہ ماہ شیئر ہولڈرز کے نام اپنے سالانہ خط میں گوتم اڈانی نے کہا تھا کہ اڈانی گروپ قانونی اور ریگولیٹری چیلنجز سے نکل کر دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ توانائی، نقل و حمل، لاجسٹکس اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے تاکہ مصنوعی ذہانت(اے آئی) سے وابستہ بڑھتی ہوئی عالمی طلب سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔انہوں نے اڈانی انٹرپرائزز کے حالیہ 24,930 کروڑ روپے کے رائٹس ایشو کو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود سرمایہ کاروں نے گروپ پر اپنا بھروسہ برقرار رکھا ہے، جو مستقبل میں مزید توسیع اور ترقی کے لیے حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
پیوپلس اویرنس فورم کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے…
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…