قومی

امام حرم نبوی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمٰن کا جامعہ اسلامیہ سنابل میں والہانہ استقبال، امام حرم نے نماز ظہرکی امامت کی

نئی دہلی: مسجد نبوی کے امام وخطیب جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے پروفیسرڈاکٹرعبداللہ بن عبدالرحمن بن سلیمان البعیجان التمیمی نے فضیلۃ الشیخ بدربن ناصرالعنزی ملحق دینی سعودی سفارتخانہ اوردیگراہم شخصیات کے ساتھ ابوالکلام آزاداسلامک اویکننگ سینٹر، نئی دہلی اوراس کے اعلیٰ تعلیمی وتربیتی ادارہ جامعہ اسلامیہ سنابل، نئی دہلی کی زیارت فرمائی۔ بعد ازاں مسجد نبوی کے امام کی اقتداء میں ہزاروں لوگوں نے جامعہ اسلامیہ سنابل کی جامع مسجد عمربن الخطاب، ابوالفضل انکلیوپارٹ-2، کالندی کنج، شاہین باغ، نئی دہلی میں صلاۃ ظہرادا کی۔ اس کے بعد مسجد ہی میں سنٹر کے صدرمولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی نے امام حرم ودیگرمہمانوں کی خدمت میں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہارکیا اورکہا کہ بحمد للہ امام محترم حرمین شریفین کے وہ نویں امام ہیں، جنہوں نے اپنی تشریف آوری سے جامعہ اسلامیہ سنابل کوزینت بخشی۔ آپ سے پہلے حرمین شریفین کے 8 ائمہ تشریف لاچکے ہیں، جن میں سے بعض ائمہ نے دودوبارزیارت کی ہے، اس طرح یہ ائمہ حرمین کا گیارہواں دورہ ہے۔

امام حرم نبوی نے سب سے بڑی نعمت اسلام کو قرار دیا

بعد ازاں امام حرم نبوی نے اساتذہ طلبہ ودیگرحاضرین کوخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العالمین کا انسانوں پر بے شمارانعام واکرام ہے۔ ان تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت اسلام ہے، اس کے بعد علم نافع ہے جوکہ شریعت کا علم ہے، لہٰذا آپ حضرات اللہ سے توفیق طلب کریں کہ وہ آپ کوشریعت کے علم سے نوازے اوراس کی ان عظیم نعمتوں پرآپ اس کا شکر ادا کریں کیونکہ شکرسے اللہ کی نعمتیں برابرجاری رہتی ہیں، آپ لوگ دل وزبان سے اس کے شکرکوبجالائیں اوراعضاء وجوارح سے بھی اس کا شکر ادا کریں، اعضا وجوارح سے اس کا شکریہ ہے کہ آپ شریعت پرمکمل عمل پیرا ہوں اوردوسروں تک بھی شریعت کے پیغام کوپہنچائیں، امربالمعروف ونہی عن المنکرکواپنے اوپرلازم پکڑیں۔ اخیرمیں امام حرم نبوی نے جامعہ اسلامیہ سنابل کے حق میں دعائے خیرکی اورکہا کہ جس طرح سے اللہ نے ہمیں یہاں اکھٹا ہونے کا موقع دیا، اسی طرح سے اللہ تعالیٰ ہم سب لوگوں کوجنت میں بھی اکٹھا کرے۔ امام حرم نبوی نے سنٹرکے صدرمولانا محمد رحمانی کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ پروگرام کی نظامت مشرف نادی الطلبہ مولانا عبدالبرسنابلی مدنی نے کی اورتلاوت محمدعدنان محمد اخلاق متعلم جامعہ اسلامیہ سنابل اورمہمان خصوصی کے خطبہ کا اردوخلاصہ مدیرجامعہ اسلامیہ سنابل مولانا وسیم احمد سنابلی ریاضی  نے پیش کیا۔ خطبہ استقبالیہ کے بعد سینٹرکے صدر مولانا محمد رحمانی مدنی نے امام حرم نبوی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمٰن کومومنٹوپیش کیا اورامام حرم نبوی نے بھی سینٹرکے صدرکوخصوصی ہدایا وتحائف اورحرمین شریفین کا خصوصی مومنٹو اورآثار قدیمہ پرمشتمل درعیہ کے مومنٹوسے نوازا، جس میں قرآن کا خصوصی نسخہ بھی شامل ہے۔

ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹرکے عہدیداران کے مطابق، سیکورٹی کے مسائل کی وجہ سے خواہش کے باوجود امام حرم نبوی ڈاکٹرعبداللہ بن عبدالرحمٰن البعیجان سنٹرکے قدیم مقرعمل جوگابائی میں واقع لڑکوں اور لڑکیوں کے اداروں کا معائنہ نہ کرسکے، لیکن ان کے ماڈلس کا معائنہ جامعہ میں کرا دیا گیا۔ ان کی تشریف آوری پرسنٹرکے ذمہ داران نیزجامعہ اسلامیہ سنابل کے اساتذہ وطلبہ نے نہایت جوش وجذبات کے ساتھ مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

بھارت ایکسپریس-

Nisar Ahmad

Recent Posts

Agreements signed with Kuwait: پی ایم مودی کے دورے کے دوران کویت کے ساتھ دفاع، ثقافت، کھیل سمیت کئی اہم شعبوں میں معاہدوں پرہوئے دستخط

ورکنگ پروگرام کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے میدان میں دوطرفہ تعاون کو…

56 minutes ago

بھارت کو متحد کرنے کی پہل: ایم آر ایم نے بھاگوت کے پیغام کو قومی اتحاد کی بنیاد قرار دیا

مسلم نیشنل فورم کا اہم اجلاس: قومی مفاد اور ہم آہنگی پر زور

2 hours ago