نئی دہلی: ممبئی میں کرائم برانچ نے گوونڈی، دیونار اور باندرہ کے علاقوں میں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے علاج کرنے والے پانچ افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ پولیس کے مطابق ان میں سے کچھ افراد کے پاس ہومیوپیتھی کی ڈگری تھی، لیکن وہ ایلوپیتھک طریقے سے مریضوں کا علاج کر رہے تھے، جبکہ ایک شخص کے پاس کوئی طبی اہلیت ہی نہیں تھی۔ پولیس اور بی ایم سی کے طبی افسران کی مشترکہ کارروائی کے دوران پانچ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان میں سے جن افراد کے پاس BHMS کی ڈگری تھی، انہیں نوٹس دے کر چھوڑ دیا گیا، تاہم ان کے کلینک سے ایلوپیتھک ادویات ضبط کر لی گئیں۔ پولیس کے مطابق کسی بھی ملزم کے پاس مہاراشٹر میڈیکل کونسل کا ضروری رجسٹریشن موجود نہیں تھا۔
کیمرے کے سامنے مانگی معافی
پولیس کے مطابق ایک ملزم کی تعلیمی قابلیت انتہائی کم تھی اور وہ مبینہ طور پر صرف ساتویں جماعت تک پڑھا ہوا تھا۔ اس کے باوجود وہ کلینک چلا کر لوگوں کا علاج کر رہا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران کلینک کو سیل کر دیا۔ گوونڈی کے گایتری کلینک کے باہر لگے بورڈ پر ڈاکٹر اے کے دوبے کو BHMS فیملی فزیشن بتایا گیا تھا۔ اسی طرح عائشہ کلینک کے بورڈ پر ڈاکٹر محمود عالم کی BHMS ڈگری کا ذکر تھا۔ پولیس نے دونوں کو نوٹس جاری کیا اور آئندہ صرف ہومیوپیتھک ادویات رکھنے کی ہدایت دی۔ دونوں نے کیمرے کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی بھی مانگی۔
1.19 لاکھ روپے کی ادویات اور طبی سامان ضبط
کارروائی کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر 1,19,324 روپے مالیت کی مختلف ادویات اور طبی سامان ضبط کیا۔ اس میں انجیکشن، سرنجی، اینٹی بایوٹک گولیاں، بلڈ پریشر مانیٹر، اسٹیتھوسکوپ، بلڈ شوگر چیک کرنے کی مشین، نیبولائزر اور دیگر طبی سامان شامل ہے۔
پانچوں ملزموں کی شناخت
سغیر احمد عبدالماجد ہاشمی (39) — ڈاکٹر سغیر کلینک، گرفتار
اکھیلیش کمار دیویندر کمار دوبے (47) — گایتری کلینک، نوٹس جاری
محمود عالم محمد شریف شیخ (36) — عائشہ کلینک، نوٹس جاری
کیشو پرساد کدور پٹیل (56) — پٹیل کلینک، گرفتار
محمد آفتاب شوکت خان (56) — آفتاب خان کلینک، سب سے سنگین الزامات
محمد آفتاب شوکت خان پر سنگین الزامات
پولیس کے مطابق باندرہ ایسٹ میں محمد آفتاب شوکت خان کے کلینک پر چھاپے کے وقت چار مریض علاج کے لیے انتظار کر رہے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران خان نے مبینہ طور پر بتایا کہ اس نے صرف بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے اور اس کے پاس کوئی طبی قابلیت نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق خان نے کچھ ایسے طبی سرٹیفکیٹس بھی پیش کیے جنہیں وہ مہاراشٹر کونسل آف انڈین میڈیسن اور آل انڈیا آیوروید ودیا پیٹھ کی جانب سے جاری کردہ بتا رہا تھا۔ پولیس کو ان سرٹیفکیٹس کے جعلی ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پانچوں افراد کے خلاف دیونار اور نرمل نگر پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ عالمی کھیلوں کے میدان میں ہندوستان کی شناخت مسلسل…
وزیر اعظم کے مجوزہ بہار دورے اور پروگرام کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعرات کو…
ڈاکٹر کا الزام ہے کہ فلیٹ میں اتولیا سمیت 12 افراد موجود تھے۔ جیسے ہی…
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں جمعرات کے روز بھارت کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے…
یو پی ایس سی نے واضح کیا ہے کہ انٹرویو کی تاریخ یا وقت میں…
وزیراعظم مودی کے نام لکھے گئے خط میں ماہر تعلیم اور ممتاز دانشور پروفیسر اخترالواسع…