دہلی کی تہاڑ جیل میں گزشتہ تقریباً پانچ برس سے قید جے این یو کے سابق طالب علم عمر خالد کو نیویارک کے میئر زہران ممدانی کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ زہران ممدانی نے عمر خالد کے نام ایک خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم آپ کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ یہ خط جمعرات کو سوشل میڈیا پر اس دن سامنے آیا، جس دن ممدانی نے نیویارک شہر کے میئر کی حیثیت سے حلف لیا۔ بھارتی نژاد زہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر ہیں۔بغیر تاریخ کے اس خط میں ممدانی نے عمر خالد کے اہل خانہ سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا ہے۔ اس خط کو عمر خالد کی پارٹنر بنوجیوتسنا لاہری نے اپنے ایکس ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ ہاتھ سے لکھے گئے نوٹ میں ممدانی نے لکھا کہ وہ اکثر عمر خالد کی ان باتوں کے بارے میں سوچتے ہیں ،جن میں کڑواہٹ کو خود پر حاوی نہ ہونے دینے کی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ عمر خالد کے والدین سے مل کر انہیں بہت خوشی ہوئی اور سب لوگ ان کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب زہران ممدانی نے عمر خالد کے لیے آواز اٹھائی ہو۔ جون 2023 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے امریکہ دورے سے قبل نیویارک میں منعقد ایک پروگرام کے دوران ممدانی نے عمر خالد کی جیل سے لکھی تحریروں کے اقتباسات بھی پڑھ کر سنائے تھے۔ اس وقت وہ نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ عمر خالد ایک اسکالر اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابق طالب علم ایکٹوسٹ ہیں، جنہوں نے لنچنگ اور نفرت کے خلاف مہم چلائی، اور وہ غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام قانون کے تحت طویل عرصے سے جیل میں ہیں، جب کہ ان پر ابھی تک باقاعدہ مقدمہ شروع نہیں ہوا۔اس سے قبل امریکہ کے آٹھ ارکانِ پارلیمنٹ نے واشنگٹن میں بھارتی سفیر کو خط لکھ کر عمر خالد کی حراست کے معاملے پر دباؤ بنایا تھا۔ جِم میک گورن اور جیمی راسکن کی قیادت میں لکھے گئے اس خط میں بھارتی حکام سے عمر خالد کو ضمانت دینے اور منصفانہ و بروقت سماعت یقینی بنانے کی اپیل کی گئی تھی۔
اڑتیس سالہ عمر خالد کو ستمبر 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر بھارتی تعزیراتِ ہند اور غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام قانون کے تحت متعدد الزامات عائد ہیں۔ دہلی کی عدالتیں بارہا انہیں مستقل ضمانت دینے سے انکار کر چکی ہیں۔ حال ہی میں دہلی کی ایک عدالت نے بہن کی شادی میں شرکت کے لیے انہیں 16 سے 29 دسمبر تک عارضی ضمانت دی تھی، اس دوران ان پر سخت شرائط عائد کی گئی تھیں، جن میں عوامی بیانات اور سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی بھی شامل تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو
موڈیز کا نیا اندازہ کئی دیگر بڑی مالیاتی ایجنسیوں اور اداروں کے مقابلے میں زیادہ…
پاکستانی وفد کی مداخلت کے جواب میں آجاکیہ نے کہا کہ ان کی جانب سے…
امریکی حکام کے مطابق روس اور چین جیسے ممالک کی گرین لینڈ میں حساس سرمایہ…
قانون میں امریکا کے یورپی اتحادیوں کو بعض پابندیوں سے بچانے کے لیے بھی گنجائش…
محکمۂ موسمیات کے مطابق اب مانسون کمزور پڑ رہا ہے، جس کے باعث بارش میں…
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس بھوشن رام کرشن گوائی نے کہا کہ محض سیاسی…