سعودی عرب نے شام سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے 12 برس بعد دمشق میں اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ریاض نے اتوار کو شام کے لیے اپنے سفیر کے تقرر کا اعلان کیا ہے۔شام نے گزشتہ برس مئی میں سعودی عرب میں ہونے والے عرب لیگ کے اجلاس میں ریاض کی دعوت پر شرکت کی تھی۔ یہ شام کی 11 برس بعد عرب لیگ کے اجلاس میں شرکت تھی۔خلیج کے 22 ممالک کی تنظیم عرب لیگ کے اجلاس میں شرکت کے ایک برس بعد ریاض نے اپنے سفیر کا تقرر کیا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ’سعودی پریس ایجنسی‘ کے مطابق حکومت نے فیصل المجفل کو دمشق میں سفیر مقرر کیا ہے جو کہ 2012 کے بعد پہلی بار شام میں کسی سعودی سفیر کی تعیناتی ہے۔سعودیہ نے اس سال کے آغاز میں شام میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا تھا جبکہ شام نے بھی گزشتہ سال دسمبر میں سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا تھا۔شام اور سعودی عرب میں تعلقات کی بحالی کو عرب ممالک کی طرف سے شامی صدر بشار الاسد کے ساتھ تعلقات بحالی کیلئے اہم اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ریاض اور دمشق کے درمیان تعلقات کی بحالی شامی صدر بشار الاسد کی عرب ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کے سلسلے میں اہم ترین پیش رفت ہے۔ بشارالاشد نے شام میں سن 2011 میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد بہت سے مغربی اور عرب ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقا ت منقطع کرلیے تھے۔
ریاض نے 2012 میں بشار الاسد کی حکومت سے تعلقات منقطع کر لیے تھے اور طویل عرصے سے شامی رہنما کی معزولی کی کھل کر حمایت کر رہا تھا۔ تاہم اس نے گزشتہ برس تصدیق کی تھی کہ دونوں ممالک متعلقہ سفارتی مشنز پر دوبارہ کام شروع کر دیں گے۔ جنگ زدہ ملک شام کی عرب لیگ میں واپسی سے پہلے مارچ 2023 میں سعودی عرب نے ایران سے تعلقات بحال کیے تھے جس کے لیے چین نے ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔ شام کی عرب لیگ کی رکنیت 2011 میں اس وقت منسوخ کی گئی تھی جب بشار الاسد کی حکومت نے ملک میں جاری احتجاج کو دبانے کے لیے شدید کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا۔
شام میں گزشتہ ایک دہائی سے جاری خانہ جنگی کے دوران سعودی عرب اور قطر سمیت کئی خلیجی ممالک بشار الاسد کے خلاف لڑنے والے باغیوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب شام کی حکومت کی فورسز نے ایران اور روس کی معاونت سے بغاوت کو کچلنے میں کامیابیاں حاصل کیں اور ملک کے بڑے حصے کا کنٹرول واپس حاصل کر لیا۔بشار الاسد کے ساتھ خلیجی ممالک کے تعلقات میں گزشتہ برس شام میں آنے والے ہلاکت خیز زلزلے کے بعد تیزی سے بہتری کا آغاز ہوا تھا۔
بھارت ایکسپریس۔
روپ وے پراجیکٹ پر وشنو دیوی سنگھرش سمیتی کے ارکان کا کہنا ہے کہ تشکیل…
اپیندر رائے نے اس ملاقات کے بارے میں اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ، ’’چیف…
ورکنگ پروگرام کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے میدان میں دوطرفہ تعاون کو…
وزیر اعظم نریندر مودی کا کویت کا دو روزہ دورہ ختم ہو گیا ہے اور…
مسلم نیشنل فورم کا اہم اجلاس: قومی مفاد اور ہم آہنگی پر زور
بہار میں گرینڈ الائنس حکومت کے قیام کے بعد خواتین کو 2500 روپے ماہانہ دینے…