بین الاقوامی

Venezuela US Attack: وینزویلا پر حملہ منشیات یا جمہوریت کی نہیں، بلکہ تیل کی جنگ ہے: کملا ہیریس

وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی پر امریکی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ہفتہ کی صبح امریکی ڈیلٹا فورس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران وینزویلا کے ایک آرمی بیس پر دھاوا بول کر صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر لیا۔ اس آپریشن میں مادورو کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی حراست میں لیا گیا۔ دونوں کو جنگی بحری جہاز کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں وفاقی عدالت میں ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اس کارروائی پر امریکہ کی سابق نائب صدر کملا ہیرس نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ہیرس نے کہا کہ یہ اقدام غیر قانونی، خطرناک اور قومی مفاد کے بجائے سیاسی عزائم سے متاثر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی سے خطے میں عدم استحکام بڑھے گا اور امریکی عوام کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

کملا ہیرس نے واضح طور پر کہا کہ ٹرمپ کی اس کارروائی سے امریکہ نہ تو زیادہ محفوظ ہوگا، نہ مضبوط اور نہ ہی سستا۔ انہوں نے لکھا کہ اگرچہ مادورو ایک آمر ہیں، لیکن اس طرح کا قدم سراسر بے وقوفانہ اور قانون کے خلاف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اقتدار کی تبدیلی یا تیل کے لیے لڑی جانے والی جنگیں اکثر طاقت سے شروع ہوتی ہیں، مگر انجام کار افراتفری میں بدل جاتی ہیں، جس کی قیمت امریکی خاندانوں کو چکانی پڑتی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ آپریشن نہ تو منشیات کے خلاف جنگ کے لیے ہے اور نہ ہی جمہوریت کے تحفظ کے لیے، بلکہ اس کے پیچھے تیل اور ٹرمپ کی طاقت دکھانے کی سیاست کارفرما ہے۔ ہیرس کے مطابق اگر صدر کو واقعی قانون اور انصاف کی فکر ہوتی تو وہ مجرم منشیات اسمگلروں کو معاف نہ کرتے اور مادورو کے قریبی لوگوں سے سودے بازی کرتے ہوئے وینزویلا کے اپوزیشن کو نظرانداز نہ کرتے۔

سابق نائب صدر نے خبردار کیا کہ اس طرح کے فیصلے امریکی فوجیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، اربوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں اور ایک پورا خطہ عدم استحکام کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جس سے امریکہ کو کوئی حقیقی فائدہ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ملک کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو خاندانوں کے اخراجات کم کرے، قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنائے، اتحادیوں کے ساتھ تعلقات بہتر کرے اور سب سے پہلے امریکی عوام کو ترجیح دے۔دوسری جانب وکلاء کا کہنا ہے کہ نکولس مادورو نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک اپنی سرکاری طاقت کا استعمال کرتے ہوئے امریکہ میں بڑی مقدار میں کوکین بھجوانے میں کردار ادا کیا۔ ان پر نارکو ٹیررازم، کوکین درآمد کرنے کی سازش اور اسلحے سے متعلق سنگین جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

Sangh UGC Viniyam: سنگھ کے ’غیر متوازن‘ تبصرے سے اقتدار، تنظیم اور سماجی توازن کا امتحان

آر ایس ایس کے اکھل بھارتیہ پرچار پرمکھ سنیل امبیکر نے یو جی سی کے…

4 hours ago

Ind vs NZ Vaibhav Suryavanshi: ’یہ ویبھو پروٹیسٹ کر رہا ہے!’ پلیئنگ الیون سے باہر ہونے پر اکشر پٹیل نے لی چٹکی، ویڈیو وائرل

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ٹی 20 میچ سے پہلے نوجوان بلے باز…

4 hours ago

شمیم نکہت اردو فکشن ایوارڈ ڈاکٹر صبیحہ انور اور وقار رضوی صحافت ایوارڈ سنجے شرما کو تفویض، آل انڈیا کیفی اعظمی اکادمی، لکھنؤ میں تقریب منعقد

ڈاکٹرعماررضوی نے اپنے صدارتی خطاب میں دونوں ایوارڈ یافتگان اورافسانہ نویس انعام یافتہ طلبہ کو…

4 hours ago

Successful 5 Years of Social Change: برج کمیونیکیشنز نے یومِ تاسیس منایا، نیپال سے بین الاقوامی توسیع کا آغاز

گزشتہ پانچ برسوں کے دوران برج کمیونیکیشنز سماجی ترقی کے شعبے میں ایک جامع اور…

5 hours ago

Dr Priti Adani to Address The World Symposium: وارانسی میں 2 سے 4 نومبر تک ’ارسطو-کنفیوشس سمپوزیم 2026‘ کا انعقاد، ڈاکٹر پریتی اڈانی کریں گی خطاب

بین الاقوامی اجلاس میں دنیا کی اہم فلسفیانہ اور تہذیبی روایات کے درمیان مکالمے، مصنوعی…

5 hours ago