بین الاقوامی

Armed attack kills 10 in Mexico: میکسیکو میں اندھا دھند فائرنگ، معصوم بچے سمیت 10 افراد ہلاک

نئی دہلی :لاطینی امریکی ملک میکسیکو میں گینگ وار اور بڑھتی ہوئی پرتشدد وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اتوار کے روز میکسیکو کی ریاست پیوبلا سے ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک کمسن بچے سمیت کم از کم 10 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس خوفناک حملے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ سیکیورٹی ادارے حملہ آوروں کی تلاش میں بڑے پیمانے پر کارروائی کر رہے ہیں۔

یہ خونی واردات پیوبلا ریاست کی تحصیل تہویتزنگو میں پیش آئی، جہاں مسلح افراد نے اچانک لوگوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ مقامی حکام کے مطابق حملہ انتہائی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا اور حملہ آوروں نے مخصوص افراد کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ موقع پر ہی 10 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں چھ مرد، تین خواتین اور ایک کمسن بچہ شامل ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ شروع ہوتے ہی علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ حملہ آور واردات کے فوراً بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا گیا۔پیوبلا کے محکمہ عوامی سلامتی نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے مقاصد جاننے کے لیے انٹیلی جنس ادارے اور تفتیشی ٹیمیں شواہد جمع کر رہی ہیں۔

ریاستی حکومت نے اس اجتماعی قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مجرموں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ حکام نے “زیرو امپیونٹی” یعنی مجرموں کو کسی قسم کی رعایت نہ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ریاستی اور وفاقی سیکورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تہویتزنگو اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے/ جب کہ مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔میکسیکو گزشتہ کئی برسوں سے منظم جرائم، منشیات فروش گروہوں اور گینگ وار کے باعث شدید بدامنی کا شکار ہے۔ آئے دن پیش آنے والے ایسے خونریز واقعات نے عوام میں خوف کی فضا قائم کر رکھی ہے اور حکومت پر سیکورٹی بہتر بنانے کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

Asian Games 2026: بھارتی خواتین کبڈی ٹیم کی شاندار کارکردگی جاری، ایران کو 37-23 سے شکست

بھارت اور ایران کے درمیان مقابلے کے پہلے ہاف میں زبردست کشمکش دیکھنے کو ملی۔…

56 minutes ago

Delhi NCRWeather Update: این سی آر میں گرمی سے ملے گی معمولی راحت، لیکن بڑھتی فضائی آلودگی سے سانس کے مریضوں کو خطرہ

25 ستمبر سے موسم میں معمولی تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ…

3 hours ago