بین الاقوامی

India–Oman CEPA: ہندوستان-عمان سی ای پی اے معاہدہ: وزیر اعظم مودی کے دورۂ مسقط سے صدیوں پرانے تعلقات کو نئی بلندی

مسقط، عمان: وزیر اعظم نریندر مودی کے تاریخی دورۂ عمان نے ہندوستان اور عمان کے صدیوں پرانے تعلقات کو ایک نئی سمت اور نئی بلندی عطا کی ہے۔ جمعرات 18 دسمبر 2025 کو مسقط میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ یعنی سی ای پی اے پر دستخط کیے گئے، جسے دو طرفہ تعلقات میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے سے نہ صرف ہندوستان اور عمان کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ ہندوستان کی عالمی اقتصادی حکمت عملی بھی مزید مضبوط ہوگی۔ وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر سی ای پی اے کو ”ہمارے مشترکہ مستقبل کا بلیو پرنٹ“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ آنے والی دہائیوں تک دونوں ممالک کے تعلقات کی سمت متعین کرے گا۔ ان کے مطابق یہ شراکت داری اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر قائم ہے، جو بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں دونوں ملکوں کو مضبوط بنائے گی۔

ہندوستان اور عمان کے درمیان سی ای پی اے اس اعتبار سے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کہ یہ عمان کا کسی ایک ملک کے ساتھ دوسرا آزاد تجارتی معاہدہ ہے، جبکہ تقریباً 20 برس بعد عمان نے اس نوعیت کا کوئی معاہدہ کیا ہے۔ ہندوستان کے وزیر تجارت پیوش گوئل نے کہا کہ اس معاہدے سے ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، آٹوموبائل، جواہرات و زیورات، زرعی کیمیکلز، قابلِ تجدید توانائی اور آٹو پارٹس جیسے شعبوں میں بے پناہ امکانات پیدا ہوں گے۔ فی الوقت ہندوستان اور عمان کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم تقریباً 10 اعشاریہ 5 ارب امریکی ڈالر ہے، جس میں ہندوستان کی برآمدات 4 اعشاریہ ایک ارب ڈالر اور درآمدات 6 اعشاریہ چھ ارب ڈالر کے قریب ہیں۔ توانائی اور کھاد کی درآمدات اس تجارت کا بڑا حصہ ہیں، تاہم سی ای پی اے کے بعد ہندوستانی برآمدات میں اضافہ متوقع ہے، جس سے تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ عمان کے وزیر تجارت کے مطابق ہندوستان عمان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن چکا ہے اور عمان میں ہندوستانی سرمایہ کاری پانچ ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔

وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ یہ دورہ اس فیصلے کو بھی تقویت دیتا ہے جس کے تحت ہندوستان نے اپنی جی-20 صدارت کے دوران عمان کو خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا تھا۔ مبصرین کے مطابق اس سے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک ہم آہنگی مزید گہری ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی 18 دسمبر کو مسقط پہنچے، جہاں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ دورہ وزیر اعظم کے تین ملکی دورے کا آخری مرحلہ تھا، جس کا سب سے بڑا مقصد سی ای پی اے پر دستخط تھا۔ معاہدے کی تقریب میں وزیر اعظم مودی، سلطان ہیثم، ہندوستان کے وزیر تجارت پیوش گوئل اور عمانی وزیر تجارت موجود تھے۔

مسقط بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ معاہدہ اکیسویں صدی میں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی توانائی اور نیا اعتماد فراہم کرے گا۔ وزیر اعظم نے عمان کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے خلیج تعاون کونسل، مشرقی یورپ، وسطی ایشیا اور افریقہ کے لیے ایک قدرتی دروازہ قرار دیا۔ دورے کے دوران توانائی، بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس جیسے شعبوں میں تعاون کے چار اہم ستونوں پر بات چیت ہوئی۔ سی ای پی اے کے تحت عمان نے پانچ سالہ ملٹی پل انٹری “انڈیا بزنس کارڈ” ویزا جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے، جو سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے افسران کو 15 دن کے اندر فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تیل و گیس اور بندرگاہی منصوبوں سے وابستہ ورک پرمٹس بھی 10 دن میں جاری کیے جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ سہولیات کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنائیں گی اور ہندوستان۔عمان شراکت داری کو ایک نئی رفتار دیں گی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

JMI Student Union Elections Will Held In 2027: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں 2027 میں ہوں گے طلبہ یونین کے انتخابات، یونیورسٹی کا بڑا فیصلہ

طلبہ کی تحریک کے درمیان انتظامیہ نے جاری کیا حکم، 15 مئی 2027 تک طلبہ…

56 minutes ago

Indian Shooter Asian Games Gold Medal: راہی سرنوبت: این سی سی سے آغاز، عالمی سطح پر کی تاریخ رقم، ہندوستان کی بنیں گولڈن گرل

36ویں سالگرہ پر ہندوستان کی اسٹار نشانے باز کی متاثر کن کہانی، کامن ویلتھ گیمز،…

1 hour ago

Cuba US Sanctions: کیوبا کے حق میں بھارت کا اہم موقف، امریکی پابندیاں ختم کرنے کی قرارداد کی حمایت میں 130 ممالک نےدیا  ووٹ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکہ کی اقتصادی اور تجارتی پابندیاں ختم کرنے کی…

2 hours ago

Diljit Dosanjh Concert: دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے لیے دہلی میٹرو کی خصوصی تیاری، 30 اکتوبر کو رات 12 بجے تک چلیں گی ٹرینیں

جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں ’اورا انڈیا ٹور 2026‘ کے دوران 70 ہزار سے زائد…

3 hours ago

Saharanpur Lighting: سہارنپور میں آسمانی بجلی گرنے سے مسجد کے مینار کا گنبد تباہ، جل گئے کئی الیکٹرانک آلات

اتر پردیش کے گنگوہ علاقے کے گاؤں گجران میں واقع مسجد پر آسمانی بجلی گرنے…

4 hours ago