بین الاقوامی

Imran Khan Eye Treatment: عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے لایا گیا اسپتال، انجیکشن کی دوسری خوراک لگائی گئی، جیل سے اسپتال تک سیکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو پیر کی صبح سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے سرکاری اسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پی آئی ایم ایس) منتقل کیا گیا، جہاں ان کی آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں دوسرا اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا گیا۔ طبی معائنے اور علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کی بینائی بہتر بنانے کے مقصد سے انہیں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وِٹریئل انجیکشن دیا گیا، جو آنکھوں کی مخصوص بیماریوں میں بصارت کی بحالی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ انجیکشن لگانے سے قبل ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تاکہ علاج کے تمام مراحل کو محفوظ انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

میڈیکل بورڈ میں ماہر امراض چشم کے علاوہ امراض قلب کے ماہرین اور فزیشنز بھی شامل تھے۔ ڈاکٹروں نے انجیکشن سے پہلے عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کیا، جس میں ای سی جی اور ایکو کارڈیوگرافی سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ انجام دیے گئے۔ تفصیلی جانچ کے بعد انہیں طبی لحاظ سے مستحکم قرار دیا گیا اور علاج کی اجازت دی گئی۔

یہ طبی عمل پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پی آئی ایم ایس) اسپتال اور شفا انٹرنیشنل اسپتال کے کنسلٹنٹ وِٹریوریٹینل سرجن کی نگرانی میں ڈے کیئر سرجری کے طور پر انجام دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق علاج کے دوران اور بعد میں عمران خان کی حالت تسلی بخش رہی اور کسی پیچیدگی کی اطلاع نہیں ملی۔ علاج مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں ادویات، فالو اپ معائنے اور احتیاطی تدابیر سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ ضروری طبی دستاویزات فراہم کرنے کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر کے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی منتقلی کے دوران غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ جیل سے اسپتال تک تقریباً پندرہ گاڑیوں پر مشتمل قافلہ تعینات کیا گیا، جس میں سیاہ رنگ کی خصوصی گاڑیاں استعمال ہوئیں جبکہ ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تین سگنل جیمرز بھی فعال رکھے گئے۔ اسپتال کے اطراف بھی سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی تاکہ علاج کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

UP New Congress President: ارادھنا مشرا بنیں یوپی کانگریس کی نئی صدر، عمران مسعود کار گزار صدر مقرر

ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…

10 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026 کی اختتامی تقریب میں نیرو ڈھانڈا ہوں گی ہندوستان کی پرچم بردار، ٹریپ شوٹر نے 2 گولڈ سمیت جیتے ہیں 3 تمغے

نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…

10 hours ago