نئی دہلی : کولمبیا میں پیر کے روز آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ 7.4 شدت کے اس زلزلے کے نتیجے میں اب تک کم از کم 294 افراد کی موت ہو چکی ہے، جب کہ تقریباً 4 ہزار افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ زلزلے کے بعد سیکڑوں افراد اب بھی لاپتا ہیں اور کئی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی دوران ملبے تلے تقریباً 37 گھنٹے تک زندگی کی جنگ لڑنے والی 32 سالہ ڈینییلا لارگوسانچیز کی موت نے پورے ملک کو غمزدہ کر دیا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈینیئلا لارگو کو منگل کے روز پیریرا شہر میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے زندہ نکال لیا گیا تھا۔ جب امدادی کارکنوں نے انہیں ملبے سے باہر نکالا تو وہاں موجود لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تالیاں بجائیں۔ شدید تباہی کے درمیان ڈینییلا لارگوسانچیز کی زندہ بازیابی کو کولمبیا کے لیے امید کی ایک کرن قرار دیا جا رہا تھا۔ تقریباً دو دن تک ملبے میں دبے رہنے کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئی تھیں۔ علاج اور طبی امداد کے باوجود جمعہ 14 اگست کو ڈینییلالارگوسانچیز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ وہ اپنے پیچھے 12 سالہ بیٹے کو چھوڑ گئی ہیں۔
ماں نے کہا، بس یہ سب جلد ختم ہو جائے
ڈینییلالارگوسانچیز کی والدہ ساندرا میلینا پیریز نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتی ہیں کہ یہ سب کچھ جلد ختم ہو جائے۔ ان کے بیان سے اس خاندان کے دکھ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، جو پہلے اپنی بیٹی کے ملبے سے زندہ نکلنے پر خوشی منا رہا تھا، لیکن چند ہی دن بعد اسے کھو بیٹھا۔کولمبیا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق امدادی کارکن اب بھی کم از کم 320 ایسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں، جن کا زلزلے کے بعد کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں بھاری مشینری کی مدد سے منہدم عمارتوں کی چھتوں، دیواروں اور دیگر ملبے کو ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
86 عمارتیں منہدم، 1500 سے زائد مکانات متاثر
حکام کے مطابق زلزلے کے باعث ملک بھر میں کم از کم 86 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہیں، جبکہ 1500 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ 18 صحت مراکز اور 52 اسکول بھی متاثر ہوئے ہیں، جس سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔زلزلے کے بعد سات ہوائی اڈوں پر کام روک دیا گیا ہے، جب کہ پانچ شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ صدر نے ہنگامی کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش میں مسلسل مصروف ہیں، جبکہ لاپتا افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی خیریت کی امید لیے امدادی کارروائیوں پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔کولمبیا میں جاری یہ تباہی نہ صرف جانی نقصان کا سبب بنی ہے، بلکہ اس نے ہزاروں خاندانوں کو بے گھر اور بنیادی سہولتوں سے محروم کر دیا ہے۔ ڈ ڈینییلا لارگو سانچیز کی 37 گھنٹے بعد زندہ بازیابی نے ایک لمحے کے لیے امید جگائی تھی، مگر ان کی موت نے اس سانحے کی شدت کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
عامر خان اور کرینہ کپور کی آخری آن اسکرین جوڑی 2022 میں ریلیز ہونے والی…
لولی پروفیشنل یونیورسٹی (LPU) فگواڑہ میں اتوار کی شام ایک بار پھر ہنگامے کی صورتحال…
تھامسن کے انکشاف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری بنوئے…
وزیر اعظم مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کی 138ویں…
پپو یادو نے کہا کہ سیلاب جیسی سنگین صورتحال میں انتظامیہ کی ذمہ داری ہے…
اکھلیش نے کہا کہ فارم-7 کے ذریعے گاؤں گاؤں اپوزیشن ووٹروں کے نام حذف کرانے…