بین الاقوامی

Brazilian President Lula da Silva To Visit India: برازیل کے صدر لولا دا سلوا کریں گے بھارت کا دورہ، اے آئی امپیکٹ سمٹ میں کریں گے شرکت

نئی دہلی: برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا جلد ہی بھارت کے سرکاری دورے پر آنے والے ہیں، جہاں وہ اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 میں شرکت کریں گے۔ وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو ایک پریس بریفنگ کے دوران اس دورے کی تفصیلات جاری کیں۔ وزارت کے مطابق صدر لولا بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر نئی دہلی پہنچیں گے، جسے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ اے آئی امپیکٹ سمٹ کا انعقاد 19 اور 20 فروری کو کیا جائے گا، جس میں برازیل کے صدر خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ اس عالمی سطح کے اجلاس میں مصنوعی ذہانت کے اثرات، گورننس، اختراعات اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات پر غور و فکر کیا جائے گا۔ اس سمٹ میں مختلف ممالک کے سربراہان، پالیسی ساز، صنعت کار اور ٹیکنالوجی ماہرین شرکت کریں گے۔

رندھیر جیسوال کے مطابق بھارت اور برازیل کے درمیان دو طرفہ بات چیت 21 فروری کو ہوگی۔ اسی دن صدر لولا دا سلوا بھارت کی صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ نائب صدر اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام سے بھی ان کی ملاقاتیں طے ہیں۔ صدر لولا اپنے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی کاروباری وفد اور سینئر سرکاری افسران بھی لائیں گے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر لولا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تجارت، توانائی، زراعت، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ دونوں لیڈر ترقی پذیر ممالک کے مفادات اور عالمی جنوبی ممالک کے کردار پر بھی بات کر سکتے ہیں۔

دریں اثنا وزارتِ خارجہ نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون بھی فروری میں بھارت کے دورے پر آئیں گے۔ صدر میکرون 17 سے 19 فروری تک بھارت میں قیام کریں گے اور 19 فروری کو نئی دہلی میں ہونے والی اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کریں گے۔ وزارت کے مطابق وزیر اعظم مودی اور صدر میکرون کے درمیان ہورائزن 2047 روڈمیپ کے تحت دفاع، انڈو پیسیفک تعاون اور تکنیکی شراکت داری پر گفتگو ہوگی۔ دونوں لیڈر ممبئی میں انڈیا۔فرانس ایئر آف انوویشن 2026 کا افتتاح بھی کریں گے، جو پورے سال منایا جائے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

Farewell to Dr. Shams Equbal from the staff of NCPUL: قومی اردو کونسل کے اسٹاف کی جانب سے ڈاکٹر شمس اقبال کو الوداعیہ

ڈاکٹر شمس اقبال نے کونسل کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ…

6 minutes ago

Explained: بھارت کے کن انتخابات میں آج بھی بیلٹ پیپر استعمال ہوتے ہیں اور کیوں؟

ای وی ایم کے ساتھ وی وی پی اے ٹی کی پرچیوں کا ملاپ، سیاسی…

55 minutes ago