بین الاقوامی

Iran warns Israel: اسرائیلی وزیر کے بیان پر عباس عراقچی کا سخت ردعمل، کہا: دھمکی دی گئی تو دیا جائے گا بھرپور جواب

نئی دہلی: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام یا ملک کی قیادت کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی کا فوری اور پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی شرائط کا حوالہ

سید عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیلی وزیر کے اس متنازع بیان کا حوالہ دیا، جس میں مبینہ طور پر ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی موت کا ذکر کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا، ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی تمام شرائط بالکل واضح ہیں اور ہر شخص انہیں عوامی طور پر دیکھ سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی جانب سے یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ تل ابیب میں اپنے اتحادیوں کو قابو میں رکھیں گے۔ اگر وہ اپنے قائد کی بات نہیں مانتے تو ایران انہیں سبق سکھائے گا۔‘‘

ایران کی سخت وارننگ

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایرانی عوام اور قیادت کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا جارحانہ اقدام کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق، جب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز سے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کی ’موت طے ہے‘۔

اسرائیلی وزیر نے ایرانیوں کو ’ اچھا مذاکرات کار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے رعایتیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ مقصد کسی معاہدے کے ذریعے حاصل ہو جائے تو یہ اور بھی بہتر ہوگا۔

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری

یہ تنازع ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بدھ کے روز بھی قطر اور پاکستان کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا ایک اور دور جاری رہا۔ خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت مذاکرات بالواسطہ انداز میں ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے وفود آمنے سامنے ملاقات نہیں کر رہے۔ تمام ملاقاتیں بند کمرے میں منعقد ہو رہی ہیں جبکہ ثالثی کرنے والے ممالک دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات اور تجاویز کا تبادلہ کرا رہے ہیں۔

مذاکرات کا مرکزی ایجنڈا

ذرائع کے مطابق، مذاکرات کا بنیادی مقصد 17 جون کو اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عمل درآمد ہے۔ اس میں ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور آبنائے ہرمز میں سمندری سلامتی سمیت متعدد اہم امور شامل ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Uniform Civil Code: ’بھارت کو متحد رکھنے کے لیے یکساں سول کوڈ ضروری‘، قومی سیمینار میں جسٹس سنجے کرول اور ماہرین نے پیش کی اپنی رائے

’بھارت کلیکٹو فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے دارالحکومت دہلی میں ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا۔…

1 minute ago

شمیم نکہت افسانہ مقابلے کے نتائج کا اعلان، 8 اعلیٰ تعلیمی اداروں کے 12 طلبہ انعامات کے لیے منتخب

جیوری ممبران، پروفیسرریشماں پروین، ڈاکٹرعشرت ناہید، ڈاکٹرپروین شجاعت، ڈاکٹر شبنم رضوی اور ڈاکٹر موسیٰ رضا…

22 minutes ago

Amit Shah Ambala Visit Plan: امت شاہ 5 نومبر کو انبالہ میں 800 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شہید یادگار کا کریں گے افتتاح

1857 کی پہلی جنگِ آزادی کے شہیدوں کی یاد میں قائم ’آزادی کی پہلی لڑائی…

24 minutes ago