ممبئی :ماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانو نہ صرف اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے لیے مشہور تھیں، بلکہ ان کا دلیپ کمار کے لیے بے پناہ عشق بھی اکثر سرخیوں میں رہا ہے۔ ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے خود انکشاف کیا کہ دلیپ کمار کے لیے ان کا پیار اس قدر شدید تھا کہ ایک موقع پر انہوں نے اداکارہ وجینتی مالا کی تصویر ہی کاٹ دی تھی۔
سائرہ بانو 23 اگست 1944 کو پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ نسیم بانو بھی مشہور اداکارہ تھیں۔ سائرہ نے صرف 17 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ان کی پہلی فلم “جنگلی“ (1961) تھی، جس میں وہ اداکار شمّی کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔ اس فلم کی کامیابی نے انہیں راتوں رات اسٹار بنا دیا۔ انہیں اسی فلم کے لیے فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کے لیے نامزدگی بھی ملی۔
ان کے کریئر میں “شاگرد”، “دیوانہ”، “بلف ماسٹر”، “آئی ملن کی بیلا”، “جھک گیا آسمان”، “پڑوسن” اور “ہیرا پھیری” جیسی کئی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سائرہ بانو فلموں میں صرف اس لیے آئی تھیں تاکہ وہ اپنے خوابوں کے شہزادے، دلیپ کمار کے قریب آ سکیں۔ دلیپ صاحب اُس وقت کے سپر اسٹار تھے اور سائرہ بانو ان سے 22 سال چھوٹی تھیں۔ ابتدا میں دلیپ کمار نے عمر کے فرق کی وجہ سے جھجک محسوس کی، لیکن سائرہ کے خلوص بھرے جذبے نے آخرکار انہیں شادی پر راضی کر لیا۔ دونوں 1966 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
سائرہ بانو نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب وہ لندن میں رہتی تھیں، تبھی سے دلیپ کمار کے عشق میں مبتلا تھیں۔ ان کے کمرے کی دیواریں دلیپ کمار کی تصویروں سے بھری ہوئی تھیں۔ ایک دن ان کی والدہ نے انہیں ایک میگزین بھیجی ،جس میں دلیپ کمار اور وجینتی مالا کی فلم “مدھومتی” کی ایک تصویر چھپی ہوئی تھی۔
اس تصویر میں دلیپ صاحب، وجینتی مالا کے قریب کھڑے تھے۔ یہ منظر سائرہ کو اتنا ناگوار گزرا کہ انہوں نے فوراً قینچی اٹھائی اور تصویر سے وجینتی مالا کا چہرہ کاٹ دیا۔ بعد میں جب سائرہ نے یہ بات دلیپ کمار کو سنائی، تو دونوں اس واقعے پر خوب ہنسے۔ اس قصے سے سائرہ کے دلیپ صاحب کے لیے جذبات کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
اگرچہ دلیپ کمار اب اس دنیا میں نہیں رہے، لیکن سائرہ بانو آج بھی ان کی یادوں میں جیتی ہیں۔ وہ اکثر سوشل میڈیا پر دلیپ صاحب کی تصاویر اور یادیں شیئر کرتی رہتی ہیں۔ ایک مرتبہ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا:”دلیپ صاحب کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی… میں آج بھی ان کے ساتھ ہوں — سوچ میں، دل میں اور زندگی میں۔ اس جنم میں بھی اور اگلے جنم میں بھی۔ میری روح نے ان کے بغیر بھی ان کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے۔”
بھارت ایکسپریس اردو
پی ایم او نے ’ایکس‘ پر لکھا، ’بھارت سے آبی حکمرانی کا ایک ایسا ماڈل…
مظفر نگر کے طالب کو میرٹھ کی ذاکر کالونی میں قتل کیا گیا، بیوی علمہ…
ہرمن پریت نے منگل کے روز سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے تمام…
انڈیا اتحاد کے اس احتجاج کے دوران اپوزیشن ارکان نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار…
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر ’انڈیا‘ بلاک کے تقریباً 300…
پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کے دفتر کی جانب بڑھ رہے اپوزیشن کے مارچ کو…