ہندی فلم انڈسٹری سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے کہ معروف فلم ساز اور سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سینسر بورڈ) کے سابق چیئرمین پہلاج نہلانی 76 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن(آئی ایم پی اے) کے صدر ابھیشک سنہا نے کی ہے۔ ان کے مطابق پہلاج نہلانی طویل عرصے سے علیل تھے اور طبی مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی بالی ووڈ میں غم کی لہر دوڑ گئی اور فلمی حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ پہلاج نہلانی بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک جانی پہچانی شخصیت تھے ،جنہوں نے بطور پروڈیوسر کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔ ان کی فلموں میں 80 اور 90 کی دہائی کی کئی کامیاب اور مقبول فلمیں شامل ہیں۔ انہوں نے نہ صرف تجارتی طور پر کامیاب فلمیں بنائیں بلکہ نئے فنکاروں کو بھی موقع فراہم کیا اور انہیں فلمی دنیا میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اداکار گووندا کو 1986 کی فلم ’الزام‘ کے ذریعے متعارف کرایا ،جو بعد میں گووندا کے کیریئر کی پہلی بڑی کامیابی ثابت ہوئی۔ اسی طرح اداکار چنکی پانڈے نے بھی ان کی فلم ’آگ ہی آگ‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کی مشہور اور سب سے بڑی ہٹ فلموں میں 1993 کی سپر ہٹ فلم ’آنکھیں‘ شامل ہے، جس میں گووندا اور چنکی پانڈے نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم اس دور کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ان کی دیگر مشہور فلموں میں ’ہتھکڑی‘، ’آندھی طوفان‘، ’پاپ کی دنیا‘، ’آگ کا گولہ‘، ’دل تیرا دیوانہ‘، ’بھائی بھائی‘، ’رنگیلا راجہ‘ اور ’جولی 2‘ شامل ہیں۔ اگرچہ بعد کے برسوں میں ان کی کچھ فلموں کو وہ کامیابی نہ مل سکی، جو ابتدائی دور میں ملی تھی، لیکن انہوں نے فلم سازی کے میدان میں اپنی ایک منفرد پہچان برقرار رکھی۔
فلم سازی کے ساتھ ساتھ پہلاج نہلانی نے بھارتی سنسر بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ 2015 سے 2017 تک اپنے دورِ صدارت میں وہ سخت سینسر پالیسیوں کے باعث مسلسل خبروں میں رہے۔ ان کے دور میں کئی فلموں کے مناظر اور مواد پر اعتراضات کیے گئے ،جس کے باعث تنازعات بھی پیدا ہوئے۔ قابل ذکر بات یہ ہےکہ وہ ہمیشہ اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے۔پہلاج نہلانی طویل عرصے تک فلمی تنظیموں سے بھی وابستہ رہے اور ایسوسی ایشن آف موشن پکچر اینڈ ٹی وی پروگرام پروڈیوسرز کے صدر بھی رہ چکے تھے۔ انہوں نے 2009 میں اس عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ان کے انتقال کو بھارتی فلم انڈسٹری کے ایک دور کے خاتمے سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
عام آدمی پارٹی، ڈی ایم کے اور بی جے ڈی کے انڈیا بلاک کی جانب…
پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا تھا کہ اپوزیشن کے کچھ رہنما دعویٰ…
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 4200 میٹر اور اس سے زیادہ بلندی والے علاقوں میں…
یہ ہائیڈرو پاور منصوبہ وسطی بھوٹان کے جھیمگانگ ضلع میں چامکھرچھو دریا پر قائم کیا…
منگل کی علی الصبح 4:27 بجے منی پور کے تامینگ لونگ میں بھی 2.9 شدت…
دماغ ہماری جذبات، رویوں اور جسم کی مختلف سرگرمیوں کو کس طرح کنٹرول کرتا ہے،…