کوچی: ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2027 کی نیلامی کے ابتدائی مرحلے میں آسٹریلیا کی کپتان سوفی مولینکس سب سے مہنگی کھلاڑی رہیں۔ بدھ کے روز یوپی واریئرز نے انہیں 1.10 کروڑ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا، جب کہ گجرات جائنٹس نے ہندوستان کی نوجوان وکٹ کیپر بلے باز جی کمَلِنی کو ان کی بنیادی قیمت 40 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ 2024 میں خطاب جیتنے والی رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی ٹیم کا حصہ رہ چکی سوفی مولینکس ڈبلیو پی ایل 2026 میں نہیں کھیل پائی تھیں۔ انہوں نے نیلامی کے لیے اپنی بنیادی قیمت 50 لاکھ روپے رکھی تھی۔ یوپی واریئرز نے ان کے لیے بولی لگانے کا آغاز کیا، لیکن آر سی بی بھی مقابلے میں شامل ہوگئی۔ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بولی 95 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ یوپی واریئرز نے قیمت بڑھا کر ایک کروڑ روپے کی بولی لگائی، جس کے جواب میں آر سی بی نے 1.05 کروڑ روپے کی پیش کش کی۔ آخرکار یوپی واریئرز نے 1.10 کروڑ روپے کی بولی لگا کر سوفی مولینکس کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔ بائیں ہاتھ کی اسپن آل راؤنڈر سوفی مولینکس کولہے کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے ذریعے بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئی ہیں۔
جی کمَلِنی کو گجرات جائنٹس نے بنیادی قیمت پر خریدا
نیلامی سے پہلے ممبئی انڈینز کی جانب سے ریلیز کی گئی نوجوان وکٹ کیپر بلے باز جی کمَلِنی سے بڑی بولی کی توقع کی جا رہی تھی۔ تاہم، 2027 کے انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں جگہ نہ ملنے کے بعد ان کے لیے فرنچائزز کے درمیان کوئی خاص مقابلہ نظر نہیں آیا۔ گجرات جائنٹس نے انہیں 40 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر خرید لیا، جب کہ کسی دوسری ٹیم نے ان کے لیے بولی نہیں لگائی۔ ڈبلیو پی ایل میں ممبئی انڈینز کے لیے ان کی کارکردگی اگرچہ اوسط درجے کی رہی ہے، لیکن وہ 2025 کا انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کی رکن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہندوستان کی سینئر ٹیم، انڈیا اے اور تمل ناڈو کی ٹیموں کا بھی حصہ رہی ہیں۔ گجرات جائنٹس نے آئرلینڈ کی سیمر بولنگ آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگاسٹ کو بھی 30 لاکھ روپے میں خریدا۔
دہلی کیپٹلز نے کرن ناگ ویرے پر لگائی 75 لاکھ کی بولی
دہلی کیپٹلز نے نیلامی میں اپنی پہلی خریداری کرتے ہوئے ہندوستانی بلے باز کرن ناگ ویرے کو 75 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ ممبئی انڈینز نے 40 لاکھ روپے سے بولی شروع کی اور یوپی واریئرز کی سابق کھلاڑی کے لیے قیمت بڑھا کر 70 لاکھ روپے تک پہنچا دی۔ اس کے بعد دہلی کیپٹلز نے 75 لاکھ روپے کی بولی لگا کر انہیں حاصل کر لیا۔ ممبئی انڈینز کے پاس اپنے بجٹ میں صرف 90 لاکھ روپے باقی تھے، اس لیے اسے بولی سے پیچھے ہٹنا پڑا۔ یوپی واریئرز نے ہندوستان کی آف اسپن آل راؤنڈر اسنیہ رانا اور آسٹریلیا کی جارحانہ آل راؤنڈر گریس ہیرس کو بھی ان کی بنیادی قیمت 30 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ گجرات جائنٹس کی سابق کپتان اسنیہہ رانا، جو آر سی بی میں متبادل کھلاڑی کے طور پر شامل ہوئی تھیں، کے لیے کسی دوسری فرنچائز نے بولی نہیں لگائی۔ ان کی سابق ٹیم دہلی کیپٹلز نے بھی انہیں خریدنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ آر سی بی کے ساتھ شاندار سیزن گزارنے کے بعد گریس ہیرس یوپی واریئرز میں واپس آگئی ہیں۔ ایلیس پیری کی واپسی کے پیش نظر آر سی بی نے گریس ہیرس کو ریلیز کر دیا تھا۔ اب یوپی واریئرز میں انہیں میگ لیننگ یا پرتیکا راول کے ساتھ اوپننگ بلے باز کی جگہ کے لیے دعویداری پیش کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
کئی کھلاڑیوں کو نہیں ملا کوئی خریدار
نیلامی کے ابتدائی مرحلے میں کئی دیگر کھلاڑی بھی فروخت نہیں ہو سکیں۔ ہندوستان کے لیے دو ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلنے والی راگھوی بشٹ نیلامی میں سب سے پہلے بولی کے لیے پیش کی گئیں، لیکن ان کی 30 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر کسی بھی فرنچائز نے بولی نہیں لگائی۔ زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے ہندوستانی ون ڈے ٹیم میں شامل مہاراشٹر کی جارحانہ مڈل آرڈر بلے باز تیجل ہسبنیس بھی فروخت نہیں ہو سکیں۔ آیوشی سونی کو بھی کوئی خریدار نہیں ملا۔ سری لنکا کی اسٹار آل راؤنڈر اور کپتان چماری اتاپتو بھی نیلامی میں فروخت نہیں ہو سکیں۔ اسی طرح نیلامی میں شامل انگلینڈ کی صرف دو کھلاڑیوں میں سے ایک بلے باز صوفیہ ڈنکلے کو بھی ان کی 50 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر کوئی خریدار نہیں ملا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
شیفالی ورما نے محض 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کرکے بھارتی خواتین ون…
دسمبر 2030 تک نیا ٹرمینل تیار کرنے کا منصوبہ، سالانہ 2 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے…
وکلا کے ایک گروپ نے جسٹس اجے بھنوٹ کی عدالت میں ہنگامہ آرائی کی اور…
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا کا احتجاج 17ویں روز بھی جاری رہا۔ کیمپس کے قرب…
انڈمان و نکوبار جزائر کی انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ مرکز کے زیر…
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے حادثے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے…