اسپورٹس

Mithun Manhas set to take charge as next BCCI president: متھن منہاس ہوں گے بی سی سی آئی کے نئے صدر، راجیو شکلا عبوری طور پر ادا کررہے تھے ذمہ داری، رگھورام بھٹ کے خزانچی بننے کا امکان

بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) کے نئے صدر کے طور پر سابق دہلی کپتان متھن منہاس کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اتوار کو بورڈ کے عہدوں کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ ختم ہوئی اور منہاس کا نام صدر کے واحد امیدوار کے طور پر سامنے آیا۔ یہ عہدہ اس وقت خالی ہوا تھا جب روجر بنی نے اگست میں استعفیٰ دیا تھا۔ اس دوران بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے عبوری طور پر ذمہ داری سنبھالی ہوئی تھی۔

رگھورام بھٹ بن سکتے ہیں خزانچی

ذرائع کے مطابق بورڈ کے اعلیٰ عہدوں پر ایک اور سابق کرکٹر کی شمولیت متوقع ہے۔ سابق ہندوستانی اسپنر رگھورام بھٹ کو خزانچی بنایا جا سکتا ہے۔ وہ فی الحال کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی صدارت کر رہے ہیں۔

متھن منہاس کا پس منظر

اگلے ماہ 46 برس کے ہونے والے منہاس کرکٹ ایڈمنسٹریشن سے قریب سے جڑے رہے ہیں۔ وہ بی سی سی آئی کی اس ذیلی کمیٹی کا حصہ ہیں جو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کی نگرانی کرتی ہے۔ جموں میں پیدا ہونے والے منہاس نے دہلی سے کرکٹ کھیلنے کے بعد 2015 میں جموں و کشمیر کا رخ کیا اور اگلے سال ریٹائر ہو گئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کوچنگ کے کئی اہم عہدوں پر فائز رہے، جن میں آئی پی ایل ٹیمیں رائل چیلنجرز بنگلورو، پنجاب کنگز اور گجرات ٹائٹنز شامل ہیں۔ وہ بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔

فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک ریکارڈ

متھن منہاس ایک کامیاب ڈومیسٹک کرکٹر رہے ہیں۔ انہوں نے 1997 سے 2017 تک 157 فرسٹ کلاس میچوں میں 9714 رنز بنائے۔ اسی طرح 130 لسٹ اے میچوں میں 4126 رنز اور 91 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1170 رنز اسکور کیے، جو انہیں بھارت کے ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں میں شمار کرتا ہے۔

غیر رسمی میٹنگ اور فیصلے

ہفتہ کو دہلی میں ہونے والی ایک غیر رسمی میٹنگ میں منہاس کے نام پر اتفاق رائے سامنے آیا۔ اس میٹنگ میں کئی اہم شخصیات شریک تھیں، جن میں آئی سی سی چیئرمین جے شاہ، راجیو شکلا، بی سی سی آئی سکریٹری دیواجیت سائیکیا، ڈی ڈی سی اے صدر روہن جیٹلی اور سابق سکریٹری نرنجن شاہ شامل تھے۔

انتخابات اور دیگر عہدوں کی تقسیم

بی سی سی آئی کے مختلف عہدوں کے انتخابات 28 ستمبر کو ممبئی میں سالانہ عام اجلاس کے دوران ہوں گے۔ تاہم امکان یہی ہے کہ دہلی میٹنگ میں طے پائے گئے نام ہی حتمی ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق دیوجیت سائکیا سکریٹری کے طور پر برقرار رہیں گے جبکہ راجیو شکلا نائب صدر کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔ موجودہ خزانچی پربھ تیج بھاٹیا کو جوائنٹ سکریٹری بنایا جا سکتا ہے، جو روہن دیسائی کی جگہ لیں گے۔ اسی دوران سابق سوراشٹرا کپتان جے دیپ شاہ ایپکس کونسل میں شامل ہوں گے، جبکہ میزورم کے خیرل جمال مجمدار کو آئی پی ایل گورننگ کونسل میں منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Rahul Gandhi: ’گیانیش کمار نے فارم-6 میں غیر قانونی تبدیلی کر کے عہدے کا غلط استعمال کیا‘، راہل گاندھی کا بڑا الزام

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری…

46 minutes ago