رائے پور: بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم نے 4 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ اس جیت کے ساتھ جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ بھارت اس سے قبل ٹیسٹ سیریز 0-2 سے ہار چکا ہے، جبکہ رانچی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں بھارت نے 17 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اب سیریز کا آخری اور فیصلہ کن مقابلہ 6 دسمبر کو وشاکھاپٹنم میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز کا آغاز ہوگا۔
بھارت کی شاندار بیٹنگ، کوہلی اور گائیکواڑ کی سنچریاں
ٹاس ہارنے کے بعد بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔ بھارت کے دونوں اوپنرز روہت شرما (14) اور یشسوی جیسوال (22) مجموعی اسکور 62 تک جاتے ہوئے پویلین لوٹ گئے۔ ایسے میں وراٹ کوہلی اور رتوراج گائیکواڑ نے ذمہ داری سنبھالی اور تیسری وکٹ کے لیے 156 گیندوں پر 195 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی۔ گائیکواڑ نے 83 گیندوں پر 105 رنز بنائے، جن میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ کوہلی نے 93 گیندوں پر 102 رنز اسکور کیے، جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ آخر میں کپتان کے ایل راہل نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو بڑا اسکور دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسن نے 2 جبکہ لنگی نگیڈی اور نانڈرے برگر نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
مارکرم کا طوفانی جواب، جنوبی افریقہ کا بہترین تعاقب
359 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے 49.2 اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ ابتدا میں کوئنٹن ڈی کاک 8 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہوگئے، مگر کپتان ٹمبا باووما اور ایڈن مارکرم نے دوسری وکٹ کے لیے 101 رنز جوڑ کر مقابلے میں واپسی کی۔ باووما 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارکرم نے شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 98 گیندوں پر 110 رنز اسکور کیے، جن میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ بعد میں میتھیو بریٹسکے (70 رنز) اور دیوالڈ بریوس (54 رنز) نے اننگز کو مستحکم رکھا اور ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا۔
میچ کے آخری اوورس میں شاندار شراکت داری
جنوبی افریقہ کو آخری 30 گیندوں میں 27 رنز درکار تھے، اس دوران ٹوونی ڈی زورجی انجری کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ ان کی جگہ کیشو مہاراج آئے اور کوربن بوش کے ساتھ مل کر 27 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور پرسدھ کرشنا نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہرشت رانا اور کلدیپ یادو نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ سیریز اب 1-1 کی برابری پر ہے اور فیصلہ کن مقابلہ شائقین کے لیے بے حد دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پیوپلس اویرنس فورم کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے…
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…