اسپورٹس

Kane Williamson Retires from International Cricket: کین ولیمسن نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان، نیوزی لینڈ کے لیے بنائے سب سے زیادہ رنز

نئی دہلی: نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن نے فوری اثر سے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ کین ولیمسن کے نام نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ درج ہے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی 16 برس پر محیط ایک شاندار بین الاقوامی کریئر کا اختتام ہو گیا۔ ولیمسن نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لارڈز میں کھیلا تھا، جہاں نیوزی لینڈ کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ریٹائرمنٹ پر جذباتی اظہار

نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں کین ولیمسن نے کہا، ’’میں کافی عرصے سے اس بارے میں غور کر رہا تھا، لیکن گزشتہ چند دنوں میں یہ بات بالکل واضح ہو گئی کہ اب یہی درست وقت ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کے لیے میرے اندر ہمیشہ ایک مضبوط جذبہ اور خواہش رہی ہے۔ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں نے نیوزی لینڈ کے لیے کھیلے گئے ہر میچ میں اپنی پوری صلاحیت اور توانائی جھونک دی۔ اس سے کم کسی چیز کے ساتھ کھیل جاری رکھنا میرے لیے مناسب نہیں ہوتا، اس لیے میں خوش قسمت محسوس کرتا ہوں کہ اپنی شرطوں پر اس سفر کو ختم کر رہا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ ہماری ٹیم جس سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، وہ امید افزا ہے۔ اس گروپ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور کچھ خاص حاصل کرنے کی حقیقی خواہش بھی۔ یہ ایک ایسی ٹیم ہے جس سے مجھے بے حد محبت ہے اور میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ اتنے طویل عرصے تک اس کا حصہ رہا۔ یہ ٹیم ہمیشہ میرے دل کے بہت قریب رہے گی۔‘‘

شاندار بین الاقوامی کریئر

35 سالہ کین ولیمسن نے 2010 میں ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں جبکہ 2011 میں ٹی 20 فارمیٹ میں قدم رکھا تھا۔ تینوں فارمیٹس کو ملا کر وہ نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے اور سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 378 بین الاقوامی میچوں کی 452 اننگز میں 48 سنچریوں اور 103 نصف سنچریوں کی مدد سے 19 ہزار 346 رنز بنائے۔

مختلف فارمیٹس میں ریکارڈ

ٹیسٹ کرکٹ میں ولیمسن نے 110 میچوں کی 195 اننگز میں 33 سنچریاں اور 38 نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے 9 ہزار 515 رنز بنائے۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں انہوں نے 175 میچوں کی 167 اننگز میں 15 سنچریاں اور 47 نصف سنچریاں اسکور کیں اور مجموعی طور پر 7 ہزار 256 رنز اپنے نام کیے۔ ٹی 20 فارمیٹ میں کین ولیمسن نے 93 میچوں کی 90 اننگز میں 18 نصف سنچریوں کی مدد سے 2 ہزار 575 رنز بنائے۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے وہ ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین بلے باز، ٹی 20 فارمیٹ میں دوسرے جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں چوتھے کامیاب ترین بلے باز رہے۔

کامیاب ترین کپتانوں میں شمار

کین ولیمسن نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس مایہ ناز بلے باز نے 40 ٹیسٹ، 91 ایک روزہ بین الاقوامی اور 75 ٹی 20 فارمیٹ کے میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی۔ ان کی کپتانی میں نیوزی لینڈ نے 2019 کے ایک روزہ عالمی کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جہاں ولیمسن کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں نیوزی لینڈ 2021 کے ٹی 20 فارمیٹ کے عالمی کپ کے فائنل میں بھی پہنچی تھی۔ اسی سال ولیمسن کی کپتانی میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا تاریخی خطاب اپنے نام کیا تھا۔

ایک سنہرا دور کا اختتام

کین ولیمسن کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نیوزی لینڈ کرکٹ کی تاریخ کے ایک یادگار اور کامیاب باب کے اختتام کے مترادف ہے۔ اپنی شاندار بلے بازی، مثالی قیادت اور کھیل کے تئیں غیر معمولی وابستگی کے باعث وہ نہ صرف نیوزی لینڈ بلکہ عالمی کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جائیں گے۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Mirabai Chanu Silver: اب28 سال کا انتظار ختم! میرابائی چانو نے ایشین گیمز میں جیتا تاریخی سلور

ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…

5 hours ago

Pezeshkian Hits Back At Trump: ’ہم دہشت گرد نہیں، خود دہشت گردی کا شکار ہیں‘، یو این جی اے میں ایرانی صدر کا ٹرمپ پر جوابی حملہ

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…

6 hours ago

Gyanesh Kumar SIR Controversy: ’گیانیش کمار کو گرفتار کرو‘، ایس آئی آر تنازع کے درمیان سنجے راؤت کا بڑا مطالبہ

خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…

6 hours ago

CJP Noida School Visit: گریٹر نوئیڈا میں سی جے پی ترجمان سورَو داس کی مخالفت، اسکول کے معائنے پر گاؤں والوں نے روکا

گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…

7 hours ago

PM Modi Cabinet: ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کام آئے گا افسران کا تجربہ، پی ایم مودی کے نئے انتظامی فارمولوں نے کھینچی توجہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…

8 hours ago