علاقائی

Maharashtra Crime News: شک میں بھائی بنا قاتل، 6 سال بعد عدالت نے سنائی عمر قید کی سزا

پونے: مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں 6 سال پرانے ایک سنسنی خیز قتل کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے اپنے سگے بھائی کو کلہاڑی سے قتل کرنے والے ملزم کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے ملزم پر 10 ہزار 500 روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ مضبوط شواہد اور 11 گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر عدالت نے ملزم کو قتل کا قصوروار قرار دیا۔

کھیتی کے تنازع سے شروع ہوا جھگڑا

یہ مقدمہ تلہ سری پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر سے متعلق ہے، جس میں آم گاؤں شیوپاڑا، تحصیل تلہ سری، ضلع پالگھر کے رہائشی 35 سالہ راجیش روپ جی ڈولہارے کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق ملزم کا اپنے سگے بھائی وسنت روپ جی ڈولہارے کے ساتھ کھیتی باڑی کے تنازع پر اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ 7 مارچ 2020 کو مقتول کی بیٹی اور ملزم کے کم عمر بیٹے کے درمیان کسی بات پر تکرار ہوگئی۔ اس دوران مقتول نے اپنی بیٹی سے کہا کہ ’میرا ایک ہی بھائی ہے، اسے مت رلاؤ۔‘‘

غلط فہمی جان لیوا ثابت ہوئی

پولیس کے مطابق ملزم نے غلط فہمی میں یہ سمجھا کہ مقتول اسے طعنہ دے رہا ہے۔ اسی شک کی بنیاد پر اس نے اپنے بھائی کو گھر کے باہر بلایا اور ہاتھ میں موجود کلہاڑی سے یکے بعد دیگرے کئی وار کرکے اسے بے رحمی سے قتل کر دیا۔

پولیس نے مضبوط شواہد اکٹھے کیے

واقعے کے بعد تلہ سری پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ ابتدائی تفتیش اُس وقت کے پولیس سب انسپکٹر ساگر پاٹل نے کی، جبکہ بعد میں مزید تحقیقات پولیس سب انسپکٹر اُمیش روٹھے نے سنبھالیں۔ تفتیش کے دوران ملزم کے خلاف مضبوط اور ناقابلِ تردید شواہد جمع کیے گئے، جس کے بعد اُس وقت کے انچارج پولیس انسپکٹر اجے وساوے نے پالگھر کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں فردِ جرم پیش کی۔

عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی

مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے مجموعی طور پر 11 گواہوں کے بیانات عدالت میں پیش کیے۔ تمام شواہد اور گواہیوں کا جائزہ لینے کے بعد پالگھر کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نمبر ایک کی جج اے آر رہانے نے ملزم راجیش روپ جی ڈولہارے کو تعزیراتِ ہند کی دفعہ 302 کے تحت عمر قید اور 10 ہزار 500 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

استغاثہ نے مؤثر پیروی کی

اس مقدمے میں سرکاری وکیل ریکھا ہیورالے، اُس وقت کے تفتیشی افسران پولیس سب انسپکٹر ساگر پاٹل اور اُمیش روٹھے، نیز اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر منوج پاٹل نے مؤثر قانونی پیروی اور تحقیقات میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں عدالت نے ملزم کو سخت سزا سنائی۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Water crisis in Delhi or the tanker business? دہلی میں پانی کا بحران یا ٹینکروں کا کاروبار؟ بھارت ایکسپریس کی تحقیقاتی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات

کیشوپور، جنک پوری، روہنی، سونیا وہار اور منگول پوری سمیت کئی علاقوں میں خفیہ کیمرے…

7 hours ago

PM Modi speaks with Canada PM Mark Carney: ’’ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے پر اتفاق‘‘ وزیراعظم مودی کی مارک کارنی سے گفتگو

تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، سلامتی اور عوامی روابط سمیت اہم شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے…

8 hours ago

Rahul Gandhi Defamation Case: ’چوکیدار چور ہے‘ ہتک عزت معاملے میں راہل گاندھی کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت، نچلی عدالت کی کارروائی پر روک

وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ ’چوکیدار چور ہے‘ تبصرے سے متعلق فوجداری ہتک…

8 hours ago