ترواننت پورم سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی ایک پرواز کو اتوار، 10 اگست کو اُس وقت چنئی کی طرف موڑنا پڑا جب عملے کو دورانِ پرواز خراب موسم کے باعث ممکنہ تکنیکی خرابی کا شبہ ہوا۔ ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ پرواز نمبر AI2455 چنئی میں بحفاظت لینڈ کر گئی
ہے اور طیارے کی ضروری جانچ کی جائے گی۔ اس پرواز میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال سمیت کئی ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
ائیر انڈیا کے ترجمان کا بیان:ترجمان نے بتایا کہ 10 اگست کو ترواننت پورم سے دہلی کے لیے روانہ ہونے والی پرواز AI2455 کو خراب موسم اور ممکنہ تکنیکی مسئلے کے پیش نظر احتیاطاً چنئی کی طرف موڑا گیا، اور یہ پرواز چنئی میں بحفاظت اُتر گئی۔
انہوں نے مزید کہا: “ہم متاثرہ مسافروں کو ہونے والی پریشانی پر معذرت خواہ ہیں۔ چنئی میں ہمارے ساتھی مسافروں کی مدد کر رہے ہیں تاکہ ان کی تکلیف کم ہو سکے، اور ہم انہیں جلد از جلد ان کے منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کر رہے ہیں۔ اس طیارے میں کئی ارکانِ پارلیمنٹ بھی سوار تھے۔”
کے سی وینوگوپال کا ردعمل
کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے پیر، 11 اگست 2025 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر بتایا کہ “ترواننت پورم سے دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI2455، جس میں میں خود، کئی دیگر ارکان پارلیمنٹ اور سیکڑوں مسافر سوار تھے، آج ایک ہولناک حادثے کے قریب پہنچ گئی۔ پرواز کے تھوڑی ہی دیر بعد ہمیں غیر معمولی جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا۔”
دو گھنٹے فضا میں چکر لگاتے رہے
وینوگوپال نے بتایا کہ تقریباً ایک گھنٹے بعد پائلٹ نے پرواز کے سگنل سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی اور طیارے کا رخ چنئی کی طرف موڑ دیا۔ ہم تقریباً دو گھنٹے تک لینڈنگ کی اجازت کا انتظار کرتے ہوئے ہوائی اڈے کے اوپر چکر لگاتے رہے۔ بتایا گیا کہ اسی رن وے پر ایک اور طیارہ موجود تھا۔ ایسے نازک لمحے میں پائلٹ کا فوری فیصلہ تمام مسافروں کی جان بچانے کا سبب بنا۔ دوسرے کوشش میں طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا۔
ایسی کوتاہی دوبارہ نہ ہو: وینوگوپال
انہوں نے کہا کہ ہم مہارت اور قسمت کے باعث بچ گئے، مگر مسافروں کی زندگی صرف قسمت پر نہیں چھوڑی جا سکتی۔ میں ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) اور وزارتِ شہری ہوا بازی سے اپیل کرتا ہوں کہ اس واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسی کوتاہی دوبارہ نہ ہو۔
طیارے میں کون کون سے ارکانِ پارلیمنٹ سوار تھے؟
خبر رساں ایجنسی IANS کے مطابق اس پرواز میں کیرالہ سے رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کے ساتھ ساتھ یو ڈی ایف کنوینر ادور پرکاش، سینئر کانگریس رہنما کے سریش، کے رادھا کرشنن اور تمل ناڈو سے رکن پارلیمنٹ رابرٹ بروس بھی سوار
تھے۔
بھارت ایکسپریس اردو
سعودی حکومت کے میڈیا دفتر نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب…
موڈیز کے تخمینے میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے اثرات…
ویٹیکن کے مطابق، 71 سالہ پوپ تقریباً تین گھنٹے آپریشن تھیٹر میں رہے، جبکہ سرجری…
شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش اور راس…
مارکو روبیو کا دورۂ ہندوستان 18 اکتوبر کی مقررہ مدت کے چند روز بعد ہو…
بہار کے ضلع ویشالی میں راگھوپور کے قریب کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔…