اوڈیشہ کے بالا سورمیں ہوئے خطرناک سڑک حادثہ نے ہرکسی کو دہلا دیا ہے۔ بالاسورمیں بہناگا بازاراسٹیشن کے پاس ہوئی 3 ٹرین کی خطرناک ٹکرمیں 280 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے جبکہ 900 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ اس حادثے کے بعد مختلف ریاستوں کے لیڈران نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے۔ اس سے قبل وزیرریل اشونی ویشنواوردھرمیندرپردھان اوراوڈیشہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک نے جائے حادثہ پرپہنچ کرحالات کا جائزہ لیا۔ یہاں پر ریسکیواورراحت بچاؤ کا کام جاری ہے۔
اوڈیشہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک کے بعد مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی بھی بالاسورمیں ریل حادثہ والی جگہ پرپہنچیں۔ یہاں انہوں نے میڈیا کوخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوڈیشہ حکومت کے ساتھ ہم تال میل بناکرکام کررہے ہیں۔ ہم نے ڈاکٹراورایمبولینس بھیجی ہیں۔ اس میں اینٹی کالیجن ڈیوائس نہیں لگی تھی، جس کی جان چلی گئی، وہ زندگی واپس نہیں ملے گی۔ اب ریسکیو پرفوکس ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب ریسکیوآپریشن جاری رہے گا، ہم وہاں حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
مغربی بنگال کی ممتا حکومت نے حادثہ میں ہلاک ہونے والے ریاست کے ان لوگوں کے لواحقین کے لئے فی کس 5 لاکھ روپئے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ شدید زخمیوں کے لئے ایک لاکھ روپئے اورمعمولی طور پرزخمیوں کے لئے 50,000 روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اطلاع مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دی۔ انہوں نے کہا کہ راحت اور بچاؤ کے کام میں ہمارا تعاون جاری رہے گا۔
مہلوکین کی تعداد میں مسلسل ہو رہا ہے اضافہ
ریل حادثے میں مرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ تازہ جانکاری کے مطابق، ابھی تک 280 افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ 900 سے زیادہ افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ کچھ زخمیوں کا علاج چل رہا ہے، ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Odisha Train Accident: ٹرین حادثہ میں مہلوکین کی تعداد 280 تک پہنچ گئی، وزیر اعظم مودی نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیا
کیسے ہوا یہ ٹرین حادثہ؟
بالا سور میں بہانگا بازار اسٹیشن کے قریب ہوئے اس خطرناک حادثے سے متعلق ریلوے نے جانچ کمیٹی تشکیل کردی ہے۔ حادثہ کیسے ہوا، اسے لے کرعینی شاہدین کے بیان بھی سامنے آئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ آؤٹرلائن پرمال گاڑی کھڑی تھی… ہاؤڑہ سے آرہی کورومنڈل ٹرین (جوکہ چنئی جارہی تھی) 300 میٹرپہلے ڈریل ہوگئی۔ کورومنڈل ٹرین کا انجن مال گاڑی پرچڑھ گیا اورکورومنڈل ٹرین کے پیچھے والے ڈبے تیسرے ٹریک پرجاگری اورتیسرے ٹریک پرتیزی سے آرہی یشونت پورایکسپریس ٹریک پرنیچے پڑے ڈبوں سے ٹکراگئی۔