چھتیس گڑھ کے ضلع گریابند میں مائین پور تھانے کی حدود میں واقع بھالوڈیگی پہاڑی پر سیکیورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں نکسلیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ تصادم میں سینئر نکسلی لیڈر موڈم بالاکرشنا عرف ونکٹسورلو، بالنّا، رام چندر، بابنّا، بھاسکر، راجندر سمیت دیگر اہم نکسلی مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق یہ کارروائی نکسلیوں کی مغربی بیورو شاخ کو خاص طور پر نشانہ بنانے کے لیے کی گئی تھی، جو اوڈیشہ اسٹیٹ کمیٹی کے تحت کام کرتی ہے۔ کارروائی کے بعد فورسز نے جائے وقوعہ سے اسلحہ و بارود کی بڑی مقدار بھی قبضے میں لی ہے۔
موڈم بالاکرشنا: نکلسی تحریک کا پرانا چہرہ
مارے گئے موڈم بالاکرشنا کا شمار نکسلی تحریک کے پرانے اور تجربہ کار لیڈروں میں ہوتا تھا۔ وہ مدی کونڈا (ضلع ورنگل) کے رہائشی تھے اور بعد ازاں چادرگھاٹ، حیدرآباد میں مقیم رہے۔ انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم سلطان بازار گورنمنٹ ہائی اسکول سے حاصل کی اور 1981 تا 1983 مالاک پیٹ جونیئر کالج میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کی۔ اپنے طالب علمی کے دور میں وہ ریڈیکل اسٹوڈنٹس یونین (RSU) کے لیڈروں سمبامورتی اور سنتوش ریڈی کے خیالات سے متاثر ہو کر 1983 میں بھدرآچلم جنگلات تحریک میں بطور کل وقتی کارکن شامل ہو گئے۔ 1984 میں ان کی گرفتاری ہوئی اور ورنگل سنٹرل جیل میں رکھا گیا۔ بعد ازاں کئی مرتبہ گرفتار ہو کر 1999 میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد انڈرگراؤنڈ ہو گئے۔
1991 کے بعد بالاکرشنا نے نکسلی تنظیم میں ضلع کمیٹی سیکریٹری (DCS)، ریجنل کمیٹی ممبر (RCM) اور بعد ازاں اوڈیشہ اسٹیٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکریٹری جیسے اہم عہدے سنبھالے۔ انھوں نے مغربی بیورو کو منظم کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا، جو اوڈیشہ، چھتیس گڑھ اور پڑوسی ریاستوں میں سرگرم تھی۔ ایسے سینیئر لیڈر کی ہلاکت سے نہ صرف نکسلی تنظیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے بلکہ یہ کارروائی نکسلی نیٹ ورک کو کمزور کرنے اور امن و ترقی کے راستے ہموار کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ فورسز نے بتایا کہ وہ علاقے میں مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں اور نکسلی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ یہ کامیاب کارروائی نکسل انتہا پسندی کے خلاف ملک گیر سطح پر جاری سیکیورٹی آپریشنز کی ایک اور اہم پیش رفت ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت کے سابق نائب وزیراعظم لال کرشن اڈوانی کو جمعہ کے روز اسپتال میں داخل…
بس میں اسکولی بچے سوار تھے، جو واٹر پارک میں تفریح کے بعد اپنے گھروں…
امریکی عہدیدار نے کہا کہ سب سے بڑے مسائل پہلے ہی حل کیے جا چکے…
عدالت نے علاج اور پولیس سکیورٹی کا پورا خرچ خود برداشت کرنے کو کہا، طبی…
دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق ایک معاملے…
سونے کی درآمد میں بھاری گراوٹ کے باوجود گھریلو اور عالمی بازار میں تیزی، ملٹی…