نئی دہلی: بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی شاندار اور ریکارڈ توڑ کامیابی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی دارالحکومت دہلی میں واقع بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کارکنان سے خطاب کیا۔ این ڈی اے کی شاندار جیت کے بعد وزیر اعظم نے کہا کہ آج بھارت کا ہر شہری حقیقی سماجی انصاف کے لیے ووٹ دے رہا ہے۔ ایسا نظریہ، جہاں ہر خاندان کو عزت، مساوات اور مواقع ملیں اور جہاں لوگوں کو بانٹنے کے لیے کوئی گنجائش نہ ہو۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک نے عوام کو بانٹنے کے دور کو مسترد کرتے ہوئے سب کی بھلائی اور سب کی ترقی کے ماحول کو قبول کر لیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے عوام اب صرف ترقی چاہتے ہیں، تیز رفتار ترقی چاہتے ہیں اور ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر چاہتے ہیں۔ نئی حکومت کے ساتھ این ڈی اے اب بہار میں 25 سالہ سنہری عہد کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام نے یہ طے کر دیا ہے کہ اب اس مقدس سرزمین پر جنگل راج کی واپسی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی یہ بھاری جیت بہار کی ان بہنوں اور بیٹیوں کی جیت ہے جنہوں نے آر جے ڈی کے دور حکومت میں جنگل راج کا خوفناک دور جھیلا، یہ جیت اس نوجوان کی ہے جس کا مستقبل کانگریس اور بائیں بازو جماعتوں کی سیاست اور دہشت کی وجہ سے تباہ کیا گیا۔ آج کا یہ انتخابی فیصلہ نسل پرستی اور خاندانی سیاست کے خلاف ترقی کی سیاست کے حق میں مضبوط اور تاریخی مینڈیٹ ہے۔ ”ریڈ کوریڈور“ کا دور اور دہشت گردی کے سیاہ دن اب تاریخ کے صفحات میں دفن ہو چکے ہیں۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہار آج ترقی کی شاہراہ پر پوری طاقت اور رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اس سفر کو کوئی روک نہیں سکتا۔ یہ نتائج ان تمام ناقدین کا منہ توڑ جواب ہیں جو کبھی بہار میں ترقی کے خیال کا مذاق اڑاتے تھے، جو بڑے فخر سے کہتے تھے کہ بہار کو ایکسپریس وے اور ہائی وے کی ضرورت نہیں اور جو یہ دلیل دیتے تھے کہ بہار میں صنعتیں بیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان نتائج نے ثابت کر دیا کہ بہار کے عوام ترقی اور خوشحالی کے مخالفین کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی تعمیر اور ترقی میں بہار کے عوام کا ہمیشہ بڑا کردار رہا ہے، لیکن جن لوگوں نے دہائیوں تک ملک پر حکومت کی انہوں نے بہار کو بدنام کرنے کا کام کیا۔ نہ انہوں نے بہار کی عظیم تاریخ کی قدر کی اور نہ ہی یہاں کی شاندار ثقافت و روایت کا احترام کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ چھٹھ پوچا کو ’’ڈرامہ‘‘ کہہ سکتے ہیں، وہ بہار کی ثقافت کی کتنی بے ادبی کرتے ہوں گے۔ آر جے ڈی اور کانگریس نے آج تک چھٹھی مائی سے معافی نہیں مانگی اور بہار کے لوگ اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔ وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ ہماری حکومت چھٹھ تہوار کو یونیسکو ورثہ فہرست میں شامل کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، تاکہ اسے عالمی سطح پر شناخت ملے اور دنیا بھر میں اس سے جذباتی وابستگی مزید گہری ہو۔
بھارت ایکسپریس اردو
نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی ملے وزیر اعلیٰ، بین ریاستی…
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وائس چانسلر کی علمی تحریروں اور…
1981 میں ریلیز ہونے والی فلم میں ریکھا نے امراؤ جان کے کردار کو اپنی…
دہلی میں سی جے پی احتجاج کے دوران میٹرو اسٹیشن بند کیے جانے اور ٹرینوں…
بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 346 رن بنائے، محمد سلیم صفی نے 4 اور…
اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس کو دفاعی اور ایرو اسپیس مصنوعات کی برآمدات میں بہترین…