قومی

Prince William Drives a tuk-tuk in Mumbai: ممبئی میں شہزادہ ولیم نے چلایا ٹک ٹک، شہزادی کیٹ نے کہا- ارتھ شاٹ تقریب پہنچنے کا اس سے بہتر طریقہ نہیں

ممبئی: برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین منگل کے روز ممبئی میں ایک منفرد اور دلچسپ انداز میں نظر آئے۔ ہندوستان کے دورے کے دوسرے دن دونوں ’ارتھ شاٹ پرائز‘ تقریب میں شرکت کے لیے ٹک ٹک (آٹو رکشا) میں پہنچے۔ خاص بات یہ رہی کہ اس الیکٹرک گاڑی کا اسٹیئرنگ خود شہزادہ ولیم نے سنبھالا، جبکہ شہزادی کیتھرین ان کے پیچھے بیٹھی تھیں۔ گاڑی پر ارتھ شاٹ پرائز کا لوگو بھی لگا ہوا تھا۔

شہزادی کیتھرین نے آٹو رکشا کی سواری کو سراہا

تقریب کے مقام پر پہنچنے کے بعد شہزادی کیتھرین نے اس منفرد سفر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہاں پہنچنے کا اس سے بہتر طریقہ کوئی اور نہیں ہو سکتا تھا۔‘‘ اس دوران شاہی جوڑے نے سال 2026 کے ارتھ شاٹ پرائز کے فائنلسٹ سے ملاقات کی اور ماحولیات کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع اور پائیدار ترقی کے حوالے سے ان کی کوششوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

شہزادہ ولیم الیکٹرک آٹو چلا کر کافی خوش ہوئے

ملاقات کرنے والوں میں مہندرا لاسٹ مائل موبیلٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر سمن مشرا بھی شامل تھیں۔ انہوں نے آئی اے این ایس کو بتایا، ’’شہزادہ اور شہزادی ہماری ہی ٹک ٹک میں تقریب کے مقام پر پہنچے۔ شہزادہ ولیم نے ہماری (مہندرا) گاڑی چلائی، اس لیے میں نے ان سے پوچھا کہ انہیں کیسا تجربہ رہا؟ وہ اسے چلا کر کافی خوش تھے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ کافی آرام دہ اور پرسکون سواری ہے، جس میں شور بھی بہت کم ہوتا ہے۔‘‘

سمن مشرا نے کہا کہ ہندوستان کے لیے یہ ٹیکنالوجی انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق، ’’اس زمرے میں الیکٹرک آٹو کا استعمال تقریباً 50 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور اب اسے 100 فیصد تک لے جانے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ الیکٹرک آٹو سے ایگزاسٹ پائپ کے ذریعے نقصان دہ گیسوں کا اخراج نہیں ہوتا، جس سے شہروں کی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ ان گاڑیوں کے استعمال سے آٹو ڈرائیوروں کی آمدنی بڑھانے کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

ماحولیات کے تحفظ کے لیے شاہی جوڑے کی دلچسپی قابل ستائش

’ییلو اسٹون ٹو یوکون کنزرویشن انیشی ایٹو‘ کی صدر، چیف سائنٹسٹ اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر جوڈی ہلٹی نے بھی شاہی جوڑے سے ملاقات کو ایک شاندار تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے شہزادہ اور شہزادی سے بات چیت کا موقع ملا۔ دونوں نے اس علاقے میں قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں میں دلچسپی ظاہر کی، جہاں وہ پہلے بھی کئی مرتبہ جا چکے ہیں۔‘‘

ڈاکٹر ہلٹی کے مطابق، بات چیت کے دوران انہوں نے وہاں کے وسیع پہاڑی علاقوں اور قدرتی تنہائی میں گزارے گئے اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔ انہوں نے کہا، ’’شاہی جوڑے نے یہ پیغام دیا کہ تمام فائنلسٹ فاتح ہیں اور مل کر ہر کوئی تبدیلی لا سکتا ہے۔‘‘ ڈاکٹر ہلٹی نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ سے گفتگو کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی۔ انہیں یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ دونوں ماحولیات کے تحفظ کی کوششوں کو لے کر واقعی سنجیدہ اور حساس ہیں۔

کاسکا برادری نے 31 لاکھ ہیکٹر پر پھیلا تحفظاتی علاقہ قائم کیا

تقریب میں ڈاکٹر ہلٹی کے ساتھ ’لیارڈ فرسٹ نیشن‘ کے سربراہ ہارلن شیلنگ بھی موجود تھے، جو ییلو اسٹون ٹو یوکون کنزرویشن انیشی ایٹو سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کاسکا برادری کی جانب سے تیار کیے جا رہے ایک تحفظاتی علاقے کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

شیلنگ نے بتایا کہ کاسکا برادری نے برٹش کولمبیا صوبے کے ساتھ مل کر 31 لاکھ ہیکٹر پر پھیلا ایک تحفظاتی علاقہ قائم کیا ہے۔ اس کا نام ’ڈینا کیہہ کاسن‘ رکھا گیا ہے، جس کا ان کی زبان میں مطلب ہے ’یہ ہمیشہ قائم رہے گا‘۔ انہوں نے بتایا کہ اس تحفظاتی علاقے کے منصوبے اور اس کی تعمیر میں کاسکا برادری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ماحولیات کے عملی حل تلاش کرنے کی عالمی پہل ہے ارتھ شاٹ پرائز

قابل ذکر ہے کہ ارتھ شاٹ پرائز ایک ایسی عالمی پہل ہے، جس کے ذریعے دنیا بھر میں ماحولیاتی مسائل کے عملی حل تلاش کرنے والے باصلاحیت افراد اور تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ ممبئی میں منعقدہ اس تقریب میں ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ صاف ستھری ٹرانسپورٹ اور مقامی برادریوں کی شراکت داری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Supreme Court: ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے متعلق انڈیا بلاک کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی

چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے راہل گاندھی اور دیگر درخواست گزاروں…

3 hours ago