قومی

PM Modi’s Address at Dussehra Ceremony: وزیراعظم مودی کا دسہرہ تقریب سے خطاب، بولے- بھگوان رام نے سکھایا مشکلات سے لڑنا، عزم اور اجتماعی طاقت سے ہر ہدف ممکن

نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آئی پی ایکسٹینشن کے ڈی ڈی اے اتسو گراؤنڈ میں دسہرہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب کا آغاز انہوں نے ’’سیا ور رام چندر کی جے‘‘ کے نعرے سے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وجے دشمی کے اس پوتر ماحول میں وہ تمام ہم وطنوں کو دلی مبارک باد دیتے ہیں۔ آج ہندوستان کا کونا کونا رام کے رنگ میں رنگا ہوا ہے اور گاؤں گاؤں، شہر شہر رام لیلا کے رنگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک بھر میں رام لیلا کا انعقاد، بھگوان شری رام کے آدرشوں کو زندہ رکھنے کی روایت، ظلم اور دہشت کے خاتمے کا اعلان اور باطل پر ابدی سچائی کی فتح کا یقین، ہمارے لیے محض تہوار نہیں بلکہ ہندوستان کی روحانی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ملک کا ہر شہری ادھرم پر دھرم کی فتح کا اعلان کر رہا ہے تو آئیے، ایک بار پھر ’’سیا ور رام چندر کی جے‘‘ کا نعرہ لگائیں۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ثقافت اور اس کے آبا و اجداد نے ہزاروں برس سے بھگوان شری رام کی عبادت کی ہے۔ یہ عقیدت صرف اس لیے نہیں ہے کہ شری رام نے راکشسوں کے راجا راون کا خاتمہ کیا، بلکہ اس لیے بھی ہے کہ انہوں نے ایسے آدرش دیے جو انسانیت کی تاریخ میں بے مثال ہیں۔

شری رام نے ہر مشکل میں سچائی اور اصولوں کا ساتھ دیا

وزیر اعظم نے کہا کہ بھگوان شری رام نے اپنی زندگی میں بے شمار مشکلات کا سامنا کیا، لیکن سچائی اور اصولوں کا دامن کبھی نہیں چھوڑا۔ ان کا کردار ایسا تھا کہ نہ راج پاٹ ملنے پر ان کے چہرے پر غیر معمولی خوشی تھی اور نہ ہی بن باس جانے پر انہیں کوئی غم ہوا۔ انہوں نے ہر بحران کو برداشت کرتے ہوئے دھرم کی پیروی کی اور سچائی قائم کی۔ مودی کے مطابق، جب شری رام جنگل گئے تو انہوں نے نشاد راج کو گلے لگایا اور ماتا شبری کو عزت دی۔ انہوں نے رحم، ہمدردی، محبت اور بھائی چارے کو اپنے طرز عمل کا معیار بنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایودھیا واپس آکر راجا بننے کے بعد شری رام نے ایسے رام راج کی بنیاد رکھی جو آج بھی اچھی حکمرانی کا معیار سمجھا جاتا ہے۔

رام راج کا مطلب سب کے لیے انصاف اور یکساں مواقع

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ رام راج ایسا نظام حکومت ہے جہاں کسی کے ساتھ امتیاز نہ ہو، ہر شخص کو انصاف ملے، سب کو یکساں مواقع حاصل ہوں اور اقتدار کا مقصد محض حکومت کرنا نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے گوسوامی تلسی داس نے بھی مرايادا پرشوتم شری رام کے آدرشوں کو بیان کیا تھا۔ مودی نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ عوام کو جناردن مان کر آگے بڑھنا ہے اور غریبوں و محروم طبقوں کی خدمت کو اولین ترجیح دینی ہے۔

مشکلات کتنی بھی بڑی ہوں، اپنی طاقت پر بھروسا رکھیں

وزیر اعظم نے کہا کہ بھگوان شری رام کی زندگی سے ہمیں بہت بڑا سبق ملتا ہے۔ بحران کتنا ہی بڑا ہو اور چیلنج کتنا ہی مشکل، ہمیں دوسروں کے بھروسے بیٹھنے کے بجائے اپنی صلاحیت کو پہچاننا، اپنے وسائل پر اعتماد کرنا، اپنے عزم کو طاقت بنانا اور اپنی محنت سے مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شری رام نے سکھایا کہ راستے کی مشکلات ہماری منزل کی جانب سفر کو نہیں روک سکتیں۔ سامنے سمندر تھا اور لنکا دور تھی، لیکن عزم مضبوط تھا۔ اسی لیے شری رام نے عوام کی اجتماعی طاقت کو بیدار کیا، عوامی شراکت داری کو اپنا سہارا بنایا، دستیاب وسائل کو یکجا کیا اور ناممکن دکھائی دینے والے ہدف کو ممکن بنایا۔ مودی نے کہا کہ اپنی طاقت پر یقین، اپنی صلاحیت پر بھروسہ، وسائل کا درست استعمال اور ہدف کے تئیں غیر متزلزل عزم ہی کامیابی کا بنیادی منتر ہے۔ آج ہمیں بھی اسی منتر کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان ہمارا ہدف ہے

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے سامنے ترقی یافتہ ہندوستان اور خود کفیل ہندوستان کا ہدف ہے۔ ہمیں عوامی طاقت کے ذریعے عوامی فلاح کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں کی ہر آرزو پوری کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اسی وقت ترقی کرتا ہے جب اس کے اندر خود اعتمادی اور عزت نفس کا جذبہ ہو۔ اس جذبے کو مضبوط بنانے میں اس کے ورثے کا سب سے اہم کردار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک اپنے ورثے اور شناخت کو محفوظ رکھنے کی کوششوں میں بھی مصروف ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abdul Awwal

Recent Posts

دہلی کی ریس کورس مسجد بچانے کے لئے جمعیۃ علماء ہند سرگرم، مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو سے ملاقات

میمورنڈم میں مسجد اور قبرستان کی موجودہ صورتِ حال پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا…

59 minutes ago