نئی دہلی : لال قلعے کی فصیل سے ترنگا لہرانے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت آج جوش، جذبے اور نئے عزم کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے مجاہدینِ آزادی اور ان عظیم سپوتوں کو یاد کیا جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملک کے لیے وقف کردی۔
’ملک اب چھوٹے عزم سے نہیں چلے گا‘
وزیراعظم مودی نے کہا کہ کوئی بھی قوم اس وقت عظیم بنتی ہے جب وہ اپنے خوابوں، عزائم اور صلاحیتوں کو وسعت دیتے ہوئے آگے بڑھتی ہے۔ بھارت اب چھوٹے خوابوں اور چھوٹے عزائم سے چلنے والا ملک نہیں ہے۔ بڑے خواب قوم کو نئی وسعت دیتے ہیں اور جب عزم مضبوط ہوتا ہے تو صلاحیتیں بھی اسی رفتار سے بڑھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب خواب اور عزم بلند ہوتے ہیں تو صلاحیتوں کی بلندی بھی بڑھتی ہے۔ بھارت نے بھی آج ایک بڑا خواب دیکھا ہے اور ایک بڑا عزم کیا ہے کہ 2047 تک ملک کو ایک مکمل ترقی یافتہ بھارت بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ عزم ملک کے حوصلے اور خود اعتمادی کی علامت ہے۔
25 کروڑ لوگ غربت سے باہر نکلے
وزیراعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ملک کے 25 کروڑ شہری غربت کی سطح سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بھارت کو دنیا کی ’Fragile Five‘ معیشتوں میں شمار کیا جاتا تھا، لیکن آج بھارت بڑی عالمی معیشتوں میں شامل ہے۔ وزیراعظم کے مطابق 2014 تک عالمی سطح پر بھارت کو ’Fragile Five‘ میں شمار کیا جاتا تھا، تاہم گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک نے تیز رفتار ترقی کی ہے۔
دفاعی پیداوار میں چار گنا اضافہ
وزیراعظم نے ملک کی بڑھتی ہوئی صنعتی اور دفاعی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں دفاعی پیداوار تقریباً چار گنا بڑھ گئی ہے۔ کھادی اور دیہی صنعتوں کی پیداوار تقریباً پانچ گنا ہوئی ہے، جبکہ الیکٹرانک مینوفیکچرنگ میں تقریباً سات گنا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جدید ریلوے کوچز کی تیاری میں 21 گنا اضافہ ہوا ہے، جبکہ موبائل فون کی پیداوار 33 گنا بڑھ چکی ہے۔ وزیراعظم نے اسے بھارت کی بڑھتی ہوئی خود انحصاری اور مینوفیکچرنگ صلاحیت کا ثبوت قرار دیا۔
’خود کفیل بھارت بے حد ضروری‘
وزیراعظم مودی نے خود کفیل بھارت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو دوسرے ممالک پر غیر ضروری انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ ملک کو اپنی صلاحیتیں بڑھانے اور اپنے مفادات کا تحفظ خود کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سیمی کنڈکٹر صنعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کی ڈیجیٹل دنیا میں الیکٹرانک مصنوعات اور طبی آلات سمیت متعدد شعبوں میں چِپ انتہائی اہم ہے۔ بھارت میں تین سیمی کنڈکٹر پلانٹس کا کام شروع ہوچکا ہے اور وہاں سے برآمدات بھی شروع ہونے لگی ہیں۔ مزید پانچ سیمی کنڈکٹر پلانٹس بھی شروع کیے جانے والے ہیں۔
نوجوانوں کے لیے مفت آن لائن کوچنگ
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے ایک بڑی پہل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو مفت آن لائن کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ اس کے لیے ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا جائے گا، تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے نوجوانوں تک معیاری تعلیم اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کی سہولت پہنچائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے نوجوانوں کو مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ ایک سال کے دوران ایک کروڑ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
ملک کے کئی حصوں میں بارش اور تیز ہواؤں نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دی…
اپوزیشن کی جانب سے نئے نوٹس کا مسودہ تیار، قانونی ماہرین سے کرائی جا رہی…
اپوزیشن نے مارچ میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں گیانیش کمار کو عہدے سے…
پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا یہ ہے کہ شہریوں کے لیے…
اسرائیلی وزیر اعظم نے نیویارک کے میئر زوہران ممدانی پر یہود مخالف جذبات کو ہوا…
مرکزی وزیر ہرش ملہوترا نے نئی دہلی سے ’یوتھ سیفٹی اینڈ اسمارٹ موبلٹی مہم 2026‘…