وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک 21 سے 23 اکتوبر تک بھارت کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔ اس دوران وہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کریں گے اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ وزارت خارجہ نے بدھ کو ڈونالڈ ٹسک کے دورے کا شیڈول جاری کیا۔ سرکاری پروگرام کے مطابق، پولینڈ کے وزیر اعظم بدھ کی رات دہلی پہنچیں گے۔ جمعرات کو وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ راج گھاٹ جائیں گے، جہاں مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
وزیر اعظم مودی کے ساتھ حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات
جمعرات کو حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ڈونالڈ ٹسک کی ملاقات طے ہے۔ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یو) کا تبادلہ ہوگا اور مشترکہ پریس بیانات جاری کیے جائیں گے۔ بھارت کے دورے کے دوسرے دن جمعرات کی شام پولینڈ کے وزیر اعظم دہلی سے بنگلورو روانہ ہوں گے۔ جمعہ کو وہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد ان کی کرناٹک کے گورنر کے ساتھ بھی ملاقات متوقع ہے۔
آئی ٹی اور خلائی شعبے کے نمائندوں سے بھی ہوگی بات چیت
بنگلورو میں ڈونالڈ ٹسک کی اطلاعاتی ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور خلائی شعبے سمیت مختلف کاروباری شعبوں سے وابستہ اہم نمائندوں کے ساتھ بات چیت طے ہے۔ وہ جمعہ، 23 اکتوبر کی دوپہر بھارت سے روانہ ہوں گے۔ وزارت خارجہ نے پیر کو جاری بیان میں ان کے دورے کی اطلاع دی تھی۔ بیان کے مطابق، وزیر اعظم کی حیثیت سے ڈونالڈ ٹسک کا یہ دوسرا دورۂ بھارت ہوگا۔ اس سے پہلے وہ 2010 میں اپنے سابقہ دورِ اقتدار کے دوران بھارت آئے تھے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ بھارت اور پولینڈ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔ اس سے تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، تعلیم، ثقافت اور عوامی سطح پر باہمی روابط سمیت مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ اس دورے سے بھارت اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اگست 2024 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ پولینڈ کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا تھا۔ ڈونالڈ ٹسک کے ساتھ پولینڈ کے وزیر خزانہ و معیشت آندریج ڈومانْسکی اور کاروباری نمائندوں کا ایک بڑا وفد بھی بھارت آئے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
دیویہ پریم سیوا مشن کے زیر اہتمام 22 سے 28 اکتوبر 2026 تک غازی آباد…
دہلی ہائی کورٹ نے سی جے پی لیڈر سوربھ داس اور آشوتوش رانکا کو اپنی…
توانائی کی فروخت میں 32 فیصد اضافہ، بجلی کی فراہمی سے آمدنی 8,299 کروڑ روپے…
وزیر داخلہ کا دعویٰ، 31 مارچ 2026 کو ملک نکسل ازم سے آزاد ہو گیا،…
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ تین سال سے زائد عرصے سے جاری خانہ…
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن نے کہا کہ جامع…