ممبئی: وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کی صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مہاراشٹر کے گڑھ چرولی میں منعقد ہونے والے ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ قبائلی فریڈم فائٹر برسا منڈا کی 151ویں یوم پیدائش کے موقع پر پروگرام میں موجود لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔
اس پروگرام کے دوران وزیر اعظم تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے 246 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں کا مقصد ملک بھر میں قبائلی برادریوں کے لیے تعلیم، صحت کی سہولیات، روزگار کے مواقع اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔
173 ترقیاتی منصوبوں کا کریں گے افتتاح
وزیر اعظم مودی 173 منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ ان میں قبائلی طلبہ کے لیے 38 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول اور ’پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیائے مہا ابھیان‘ (پی ایم جن من) کے تحت 100 کثیر المقاصد مراکز شامل ہیں۔ یہ مراکز ضروری خدمات فراہم کرنے اور کمیونٹی کی سطح پر مختلف سرگرمیوں کو آسان بنانے کے اہم مراکز کے طور پر کام کریں گے۔ وزیر اعظم پی ایم جن من اور ’دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان‘ کے تحت کئی دیگر منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔
قبائلی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات
افتتاح کیے جانے والے دیگر اہم منصوبوں میں اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں قبائلی تحقیقاتی ادارے (ٹی آر آئی) کی عمارت اور میزورم کے آئزول میں ’روپولیانی قبائلی فریڈم فائٹر میوزیم‘ شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد قبائلی ثقافت اور ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔ یہ میوزیم میزورم کے قبائلی فریڈم فائٹر کی بہادری، حوصلے اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہاں میزورم کے لوگوں کی مالا مال ثقافتی روایات، تاریخی ورثے اور تہذیبی شناخت کو بھی پیش کیا جائے گا۔ اس میوزیم کا نام 19ویں صدی کی میزورم کی خاتون سردار روپولیانی کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے برطانوی نوآبادیاتی حکومت کے خلاف بہادری سے مزاحمت کی تھی۔ انہیں قبائلی مزاحمت اور قربانی کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
19 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کا سنگ بنیاد
وزیر اعظم 19 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس سے قبائلی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔ اس کے علاوہ قبائلی مصنوعات تیار کرنے والوں کی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے 12 قبائلی کثیر المقاصد مارکیٹنگ مراکز (ٹی ایم ایم سی) کی بھی بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی پی ایم جن من اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان کے تحت مزید 42 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
15 روزہ ’جن جاتیہ گورو پکھواڑا‘ کا ہوگا اختتام
یہ پروگرام ’جن جاتیہ گورو پکھواڑا‘ کی اختتامی تقریب بھی ہوگا، جس کا انعقاد یکم نومبر سے 15 نومبر تک ملک بھر میں کیا جا رہا ہے۔ اس پندرہ روزہ مہم کے دوران قومی اور مقامی سطح پر کئی پروگرام منعقد کیے گئے۔ ان میں صدر جمہوریہ کا ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کے طلبہ سے تبادلہ خیال، قومی قبائلی ادبی میلہ، قبائلی معالجین کے لیے تربیتی پروگرام، خاص طور پر کمزور قبائلی گروپوں کے لیے صحت اور غذائیت کے کیمپ اور ’دھرتی آبا جن بھاگیداری ابھیان‘ کے تحت قبائلی دیہات میں سماجی خدمات کی مہم شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔
سیریز میں ہندوستانی ٹیم فی الحال 2-1 سے آگے ہے۔ اگر ہندوستانی ٹیم یہ مقابلہ…
یہ بحران جمعہ کو اس وقت شروع ہوا جب ایف اے اے نے پورے ملک…
مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے پرشانت کشور نے مزید کہا،…
15 نومبر 1875 کو جھارکھنڈ کے الیہاتو گاؤں میں پیدا ہونے والے برسا منڈا نے…
اتوار کی صبح دہلی کے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی سنگین زمرے میں…
پہاڑی علاقوں کی بات کریں تو جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں…