قومی

First SCO Civilisational Dialogue Forum: وزیراعظم نریندرمودی کل دہلی میں پہلے شنگھائی تعاون تنظیم ’تہذیبی مکالمہ فورم‘ کا کریں گے افتتاح

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو دہلی کے پرانا قلعہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے ’تہذیبی مکالمہ فورم‘ کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ 20 سے 22 نومبر تک منعقد ہونے والے اس فورم کا مقصد خطے کے مالا مال اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنا، عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور مختلف ثقافتوں کے مابین مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ایس سی او سربراہ اجلاس میں مودی کی تجویز پر فورم کا قیام

سرکاری بیان کے مطابق اس پہل کی بنیاد وزیر اعظم مودی کی جانب سے 2025 میں چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ ایس سی او سربراہ اجلاس کے دوران پیش کی گئی تجویز ہے۔ انہوں نے ایس سی او کے تحت تہذیبی مکالمے کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز دی تھی، جس کا بعد میں بشکیک اعلامیے میں خیرمقدم کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ’تہذیبوں کے درمیان مکالمہ: ثقافتی پیش کش‘ کے عنوان سے ایک پروگرام پیش کیا جائے گا، جس میں موسیقی، رقص، بصری کہانی اور بیانیے کو یکجا کیا جائے گا۔ ’وسودھیو کٹمبکم، یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے‘ کے موضوع پر مبنی یہ پروگرام بھارت اور یوریشیا کے درمیان ثقافتی روابط کو اجاگر کرے گا۔ فورم کے دوران بھارت کے آثارِ قدیمہ، فنون اور ادبی ورثے پر مبنی ’استتو: ہمارے وجود کا جوہر‘ کے عنوان سے نمائش بھی منعقد ہوگی۔ اس میں 1200 قبل مسیح سے 1200 عیسوی تک دہلی کی تاریخ کو آثارِ قدیمہ کے شواہد کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ نمائش میں کھدائی کے دوران ملنے والی باقیات، نوادرات، تعمیراتی اجزا اور دیگر اہم دریافتیں شامل ہوں گی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’مہابھارت اسکرول پویلین – اننت: اٹھارویں صدی کا ایک نایاب مہابھارت اسکرول‘‘ (طومار) ایک مصور طومار کی نمائش کرے گا، جو ہندوستان کی عظیم رزمیہ اور فنی روایات کی عکاسی کرتا ہے۔

چار موضوعاتی اجلاس میں علمی و ثقافتی شخصیات کی شرکت

21 اور 22 نومبر کو چار موضوعاتی اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں دانشور، ماہرینِ تعلیم، متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور ثقافتی نمائندے شرکت کریں گے۔ ان اجلاسوں میں موسیقی، پرفارمنگ آرٹس، ٹیکسٹائل، کھانے پینے کی روایات، روایتی کھیل، فنون اور فنِ تعمیر کی مشترکہ روایات، زبان و ادب، رسم الخط، مخطوطات، خانقاہی راستوں اور فلسفیانہ روایات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان نے اس فورم میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری مصدق مسعود ملک کو نامزد کیا ہے۔ پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے 14 نومبر کو جاری بیان میں کہا تھا کہ مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

PM Modi’s appeal to Indian companies: ’’ملازمین کی تعداد اور تنخواہوں میں اضافہ کریں‘‘، وزیراعظم مودی کی بھارتی کمپنیوں سے اپیل

وزیراعظم نے صنعت کاروں سے کہا کہ وہ ملازمین کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ان…

47 minutes ago

Mahua Moitra Attack: مہوا موئترا کے قافلے پر پھینکے گئے انڈے، خواتین نے گاڑی پر جھاڑو سے کیا حملہ، لگائے ’گو بیک‘ کے نعرے

مغربی بنگال کے ضلع نادیہ میں ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کو احتجاج…

47 minutes ago