دی ہیگ: بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے نیدرلینڈ کے دورے کے دوران بھارتی برادری کے افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر لوگوں نے گرمجوشی اور جوش و خروش کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ بھارتی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بھارت اور نیدرلینڈ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں تارکین وطن بھارتیوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’ایک بڑے خاندان سے ملاقات! وزیر اعظم نریندر مودی نے نیدرلینڈ کے اپنے دورے کے دوران بھارتی برادری کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم بھارتی برادری کی محبت اور جوش و خروش سے بے حد خوش ہوئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے بھارتی برادری کو بھارت اور نیدرلینڈ کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں ان کے کردار کی ستائش کی۔
سرینامی-ہندوستانی برادری کی ثقافتی وراثت کی تعریف
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے بھارت اور سرینامی-ہندوستانی برادری کے درمیان گہرے اور دیرینہ تاریخی رشتوں کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے نسل در نسل اپنی ثقافتی وراثت کو محفوظ رکھنے اور اس کا جشن منانے کے لیے اس برادری کی کوششوں کی تعریف کی۔
اسٹارٹ اپس اور انوویشن میں بھارت کی ترقی
بھارتی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ’’آج اسٹارٹ اپ بھارت کے نوجوانوں کی پہچان بن چکا ہے۔ بارہ سال پہلے ملک میں 500 سے بھی کم اسٹارٹ اپ تھے، لیکن آج ان کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ 2014 میں بھارت میں صرف چار یونیکورن کمپنیاں تھیں، جبکہ آج ان کی تعداد تقریباً سوا سو ہو چکی ہے۔ صرف 2025 میں ہی تقریباً 44 ہزار نئے اسٹارٹ اپس رجسٹر ہوئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، دفاعی شعبے اور خلائی ٹیکنالوجی میں بھارتی اسٹارٹ اپس شاندار کام کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
سیمی کنڈکٹر اور چِپ سازی میں بڑے اقدامات
وزیر اعظم نے کہا کہ تحقیق اور اختراع کا کلچر وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال بھارت میں لاکھوں پیٹنٹس فائل کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت سیمی کنڈکٹر اور چِپ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس وقت بھارت میں 12 سیمی کنڈکٹر پلانٹس کام کر رہے ہیں، جن میں سے دو پلانٹس میں پیداوار بھی شروع ہو چکی ہے۔ اب چِپس بھی ’ڈیزائن اِن انڈیا‘ اور ’میڈ اِن انڈیا‘ ہوں گی۔‘‘
ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں بھارت کی عالمی پہچان
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج بھارت دنیا میں ایک بڑی انوویشن پاور کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کی مثال پوری دنیا میں دی جا رہی ہے، جو بھارتی اختراع کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا، ’’آج پیسہ محفوظ رکھنا ہو تو ڈیجیٹل والٹ موجود ہے، دستاویزات محفوظ کرنی ہوں تو ڈیجی لاکر ہے، سفر کے لیے ڈیجی یاترا ہے اور صحت سے متعلق سہولیات کے لیے ڈیجیٹل ہیلتھ آئی ڈی دستیاب ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بھارت میں ہر ماہ 20 بلین سے زائد یو پی آئی ٹرانزیکشنز ہو رہی ہیں اور دنیا بھر میں ہونے والے ڈیجیٹل لین دین کا نصف سے زیادہ حصہ صرف بھارت میں انجام دیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سیوا تیرتھ میں وزرا کے لیے چنتن شِور شروع کیا…
ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی قانونی معاونت اور…
میرٹھ کے لِساڑی گیٹ علاقے میں شراب کی دکان پر مقررہ قیمت سے زیادہ رقم…
اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے بہوجن سماج پارٹی میں بڑا تنظیمی ردوبدل، مایاوتی نے…
دہلی کے شالی مار باغ میں مسجد اور اس کے آس پاس کی مبینہ غیر…