قومی

PM Modi attends 17th BRICS summit: وزیر اعظم مودی کا 17ویں برکس سربراہی اجلاس سے خطاب، گلوبل ساؤتھ کے نظرانداز کیے جانے پر تشویش، عالمی اداروں میں اصلاحات کا مطالبہ

ریو ڈی جنیرو [برازیل] وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز 17ویں برکس سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی اداروں میں جامع اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ گلوبل ساؤتھ  کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور 21ویں صدی کے چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ اکثر دوہرے معیار کا شکار رہا ہے۔

گلوبل ساؤتھ کے مفادات کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے نظام میں عدم مساوات اور نااہلیوں کو اجاگر کیا جو گلوبل ساؤتھ کے لیے رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ ترقی ہو، وسائل کی تقسیم یا سیکورٹی سے جڑے معاملات، گلوبل ساؤتھ کے مفادات کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی۔ آب و ہوا کے مالیاتی تعاون، پائیدار ترقی اور ٹیکنالوجی تک رسائی جیسے مسائل پر بھی جنوبی ممالک کو محض علامتی یقین دہانیاں دی گئی ہیں۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ 20ویں صدی میں تشکیل دیے گئے عالمی ادارے دنیا کی دو تہائی آبادی کی مناسب نمائندگی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: جن اداروں کا قیام 20ویں صدی میں ہوا، ان میں آج بھی وہ ممالک نظرانداز ہیں جنہوں نے عالمی معیشت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ صرف نمائندگی کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ ان اداروں کی ساکھ اور مؤثریت کا سوال ہے۔ گلوبل ساؤتھ کے بغیر یہ ادارے ایسے ہیں جیسے ایک موبائل فون ہو جس میں سم ہو لیکن نیٹ ورک نہ ہو۔ یہ ادارے 21ویں صدی کے چیلنجز سے نمٹنے میں ناکام رہے ہیں – چاہے وہ عالمی تنازعات ہوں، وبا ہو، اقتصادی بحران یا سائبر اور خلائی خطرات۔

عالمی اداروں کے طرز حکمرانی میں واضح تبدیلیاں لانا ہوں گی

وزیراعظم نے محض علامتی نہیں بلکہ عملی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب عالمی اداروں کے طرز حکمرانی، ووٹنگ کے حقوق اور قیادت کے ڈھانچے میں واضح تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ آج دنیا کو ایک نیا کثیر قطبی (multipolar) اور جامع عالمی نظام چاہیے۔ اس کے لیے ہمیں عالمی اداروں میں بنیادی سطح پر اصلاحات کرنی ہوں گی۔ پالیسی سازی میں گلوبل ساؤتھ کے مسائل کو ترجیح دینی چاہیے۔ وزیراعظم نے جدید ٹیکنالوجی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: جب AI کے دور میں ٹیکنالوجی ہر ہفتے اپ ڈیٹ ہو رہی ہے، تو ایسے میں یہ ناقابل قبول ہے کہ عالمی ادارے آٹھ دہائیوں سے اپ ڈیٹ ہی نہ ہوئے ہوں۔ 21ویں صدی کا سافٹ ویئر 20ویں صدی کی ٹائپ رائٹر سے نہیں چلایا جا سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، WTO اور کثیرالجہتی مالیاتی اداروں جیسے اداروں کی جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات کی وکالت کی تاکہ وہ عصر حاضر کے چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹ سکیں۔

 انڈونیشیا کو برکس میں شامل ہونے پرمبارکباد

وزیراعظم مودی نے برکس میں انڈونیشیا کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے برکس کے ارتقائی کردار اور اس کی وقت کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کو سراہا۔ برکس میں نئے دوستوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تنظیم وقت کے ساتھ خود کو بدلنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اب ہمیں یہی قوت ارادی اقوام متحدہ، WTO اور مالیاتی اداروں میں اصلاحات کے لیے دکھانی ہوگی۔ انڈونیشیا کو برکس خاندان میں شامل ہونے پر میں صدر پرابوو کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ہمیشہ انسانیت کے مفاد میں کام کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے اور وہ برکس کے تمام معاملات میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے برازیل کے صدر لولا دا سلوا کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے برکس میں نئی توانائی اور رفتار پیدا کی ہے، جسے انہوں نے ڈبل ایسپریسو شاٹ سے تشبیہ دی۔

اس سے قبل، وزیراعظم مودی نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ روایتی فیملی فوٹو سیشن میں بھی شرکت کی، جو برکس ممالک کے اتحاد اور باہمی تعاون کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تصویر میں برازیلی صدر لولا دا سلوا، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل راما فوسا اور دیگر رکن ممالک کے نمائندگان کے ساتھ وزیراعظم مودی بھی موجود تھے۔ وزارت خارجہ اور وزیراعظم نے X (سابق ٹوئٹر) پر کہا کہ برکس ایک مزید جامع اور منصفانہ عالمی مستقبل کی تشکیل کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے۔

’’ریو ڈی جنیرو میں برکس سربراہی اجلاس میں برکس رہنماؤں کے ساتھ، قریبی تعاون اور مشترکہ ترقی کے لیے ہمارے عزم کی تجدید۔‘‘ — وزیر اعظم مودی

یہ اجلاس 7 سے 9 جولائی تک برازیل کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ کے علاوہ نئے رکن ممالک مصر، ایتھوپیا، ایران، متحدہ عرب امارات، اور انڈونیشیا بھی شرکت کر رہے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Asian Games 2026: بھارتی خواتین کبڈی ٹیم کی شاندار کارکردگی جاری، ایران کو 37-23 سے شکست

بھارت اور ایران کے درمیان مقابلے کے پہلے ہاف میں زبردست کشمکش دیکھنے کو ملی۔…

1 hour ago

Delhi NCRWeather Update: این سی آر میں گرمی سے ملے گی معمولی راحت، لیکن بڑھتی فضائی آلودگی سے سانس کے مریضوں کو خطرہ

25 ستمبر سے موسم میں معمولی تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ…

3 hours ago