نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے سویڈن کا اپنا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ناروے کے لیے روانہ ہو گئے۔ وزیر اعظم مودی نے اس دورے کو نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہندوستان اور سویڈن کے تعلقات کو نئی رفتار اور مضبوطی ملے گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنے دورے کی اہم جھلکیاں اور سویڈن میں ملنے والے اعزاز سے متعلق ایک خصوصی ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا۔
اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے لکھا کہ “سویڈن کا میرا دورہ کئی اہم کامیابیوں کے ساتھ مکمل ہوا، جو ہند-سویڈن تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گی۔”وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بڑھانے، “جوائنٹ انوویشن پارٹنرشپ 2.0” اور “ہند-سویڈن ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کاریڈور” کے آغاز جیسے اہم فیصلے اس دورے کی بڑی کامیابیاں ہیں۔ اس کے علاوہ آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت کو دوگنا کرنے کا ہدف بھی طے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاکرات انتہائی مثبت اور بامقصد رہے۔
وزیر اعظم مودی نے سویڈن کی حکومت، عوام اور وزیر اعظم اُلف کرسٹرسن کا پرتپاک استقبال، محبت اور دوستی کے اظہار پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم کی جانب سے جاری ویڈیو کلپ میں کئی اہم مناظر شامل ہیں، جن میں سویڈش فائٹر جیٹس کی جانب سے ان کے طیارے کو دیے گئے خصوصی اسکواڈرن ایسکارٹ، سویڈن کے اعلیٰ ترین اعزاز “رائل آرڈر آف پولر اسٹار کمانڈر گرینڈ کراس” کی تقریب، اور گوتھنبرگ میں منعقد “یورپین راؤنڈ ٹیبل فار انڈسٹری” (ERT) کے اجلاس سے خطاب شامل ہے۔
یورپین راؤنڈ ٹیبل فار انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور یورپ کے تعلقات صرف اقتصادی اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ یہ مشترکہ اقدار، جمہوریت اور تنوع کی بنیاد پر قائم ہیں۔ اس اجلاس میں سویڈن کے وزیر اعظم اُلف کرسٹرسن، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین، یورپ کے بڑے صنعت کاروں اور ہندوستانی و یورپی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا انعقاد وولوو گروپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔اس سے قبل گوتھنبرگ میں منعقد ایک خصوصی تقریب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو سویڈن کے اعلیٰ ترین اعزاز “رائل آرڈر آف پولر اسٹار کمانڈر گرینڈ کراس” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز کسی بھی ملک کے وزیر اعظم یا سربراہِ حکومت کو دیا جانے والا سویڈن کا سب سے بڑا سول اعزاز مانا جاتا ہے۔یہ وزیر اعظم مودی کو ملنے والا 31واں بین الاقوامی اعزاز ہے، جسے ہندوستان کی عالمی سفارتی حیثیت اور بین الاقوامی تعلقات میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
ایمکے ریسرچ نے شرح نمو کے مقابلے میں مناسب قیمت کو دیکھتے ہوئے ’ سبسکرائب…
ترنگا مارچ سے پہلے پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کو دہلی پولیس نے حراست میں…
پی سی جیولر میں بڑے سرمایہ کار کی سرمایہ کاری کے بعد حصص میں زبردست…
کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’پیارے محب…
سعودی عرب میں سکیورٹی کی بگڑتی صورتحال کے درمیان ایئر انڈیا نے ریاض، دمام اور…
پولیس نے نوٹس میں کہا ہے کہ کناٹ پلیس میں بڑی تعداد میں دکانیں، شوروم،…