نئی دہلی : مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے عام یوزراور کاروباری طبقے کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت 102.12 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل 95.20 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ 10 دنوں کے دوران یہ چوتھی مرتبہ ہے جب دونوں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ایندھن کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کے خلاف چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) نے حکومت سے فوری راحت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سی ٹی آئی کے چیئرمین برجیش گوئل نے مرکزی وزیر پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری کو خط لکھ کر تمام ریاستوں کے وزرائے خزانہ کی ہنگامی میٹنگ بلانے کی اپیل کی ہے۔
برجیش گوئل نے تجویز پیش کی کہ اگلے تین ماہ کے لیے پورے ملک میں پٹرول اور ڈیزل پر صرف 5 فیصد فلیٹ وی اے ٹی نافذ کیا جائے، تاکہ عوام کو فی لیٹر 10 سے 15 روپے تک کی راحت مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کے ساتھ ساتھ تاجروں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر بھی شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔انہوں نے اپنے خط میں کہا، “پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی مرکزی حکومت کے دائرۂ اختیار میں آتی ہے، لیکن وی اے ٹی ریاستی حکومتوں کا معاملہ ہے۔ ایسے میں موجودہ بحران کے دوران صرف مرکز ہی نہیں بلکہ ریاستوں کو بھی آگے آ کر عوام کو راحت دینی چاہیے۔”
برجیش گوئل نے مزید کہا کہ ملک کی 21 ریاستوں میں بی جے پی یا این ڈی اے کی حکومتیں ہیں، اس لیے مرکزی وزیر پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری آسانی سے ریاستی حکومتوں کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر تین ماہ کے اندر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی صورتحال معمول پر آ جاتی ہے تو ریاستیں دوبارہ وی اے ٹی کی شرحوں پر نظرثانی کر سکتی ہیں۔
سی ٹی آئی نے مختلف ریاستوں میں وی اے ٹی کی شرحوں کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ تنظیم کے مطابق تلنگانہ میں پیٹرول پر 35.20 فیصد وی اے ٹی عائد ہے، جبکہ آندھرا پردیش میں 31 فیصد وی اے ٹی کے ساتھ اضافی ٹیکس بھی لیا جا رہا ہے۔ دہلی میں پیٹرول پر 19.40 فیصد وی اے ٹی نافذ ہے۔دوسری جانب انڈمان و نکوبار میں صرف ایک فیصد وی اے ٹی ہونے کی وجہ سے وہاں پٹرول اور ڈیزل نسبتاً سستے ہیں۔ سی ٹی آئی کے مطابق دہلی میں دو روز قبل پٹرول کی بنیادی قیمت 66.29 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی 67.36 روپے فی لیٹر تھی، لیکن مختلف ٹیکسوں کے بعد ان کی قیمتیں کافی بڑھ جاتی ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ پٹرول پر مجموعی ٹیکس 40 سے 50 فیصد جب کہ ڈیزل پر 30 سے 35 فیصد تک پہنچ رہا ہے، جس کا بوجھ براہِ راست عوام پر پڑ رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
نئی دہلی میں منعقدہ 11ویں سنت ایشور سمان میں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور…
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ہندوستان کی بیٹیوں کو گولڈ میڈل جیتنے پر…
راجہ وڈنگ کے استعفے کے چند گھنٹے بعد کانگریس نے پرگٹ سنگھ کو پنجاب پردیش…
ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…
نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…
گاندھی جینتی پر دہلی سمیت کئی شہروں میں SIR اور مبینہ ’ووٹ چوری‘ کے خلاف…