نئی دہلی: رکشا بندھن کے تہوار کے پیش نظر محکمۂ ڈاک نے دہلی میں خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ دہلی سرکل کے تحت 34 اہم ڈاک خانوں کے علاوہ دہلی ریلوے اسٹیشن اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر خصوصی راکھی کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں، تاکہ راکھیوں اور دیگر اہم پارسلوں کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔ محکمۂ ڈاک نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی راکھیاں اور دیگر ضروری اشیا بروقت روانہ کریں تاکہ مقررہ وقت میں ان کی ترسیل ممکن ہو سکے۔ محکمہ نے محفوظ اور بروقت ترسیل کے لیے 24 اسپیڈ پوسٹ اور 48 اسپیڈ پوسٹ خدمات استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
تاخیر کی صورت میں ’منی بیک گارنٹی‘
محکمہ کے مطابق ان خدمات کے تحت مقررہ مدت میں پارسل پہنچانے کی ضمانت دی جاتی ہے۔ اگر کسی وجہ سے ترسیل میں تاخیر ہوتی ہے تو صارفین کو ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ اس سال رکشا بندھن کا تہوار 28 اگست 2026 کو منایا جائے گا۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمۂ ڈاک نے 22 اگست 2026 تک راکھی میل کی بکنگ اور ترسیل کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں، تاکہ ملک بھر میں راکھیاں وقت پر اپنے مقررہ پتے تک پہنچ سکیں۔
کن شہروں کے لیے دستیاب ہے 24 اسپیڈ پوسٹ؟
محکمۂ ڈاک کے مطابق 24 اسپیڈ پوسٹ کی سہولت صرف 35 مخصوص بکنگ مراکز پر دستیاب ہے۔ اس کے ذریعے دہلی، ممبئی، کولکاتا، بنگلورو، چنئی اور حیدرآباد سمیت چھ بڑے شہروں میں تیز رفتار ترسیل کی جاتی ہے۔ وزارت مواصلات کے مطابق تہواروں کے موسم میں یہ سروس صارفین کو تیز، قابل اعتماد اور یقینی ترسیل کا مؤثر متبادل فراہم کرتی ہے، تاکہ راکھیاں بروقت اپنے عزیزوں تک پہنچ سکیں۔
ان ڈاک خانوں میں قائم کیے گئے خصوصی کاؤنٹر
خصوصی راکھی کاؤنٹر اشوک وہار ہیڈ پوسٹ آفس، نئی دہلی جی پی او، سول لائنز، نیو سبزی منڈی، چانکیہ پوری، نارائنا انڈسٹریل اسٹیٹ ہیڈ پوسٹ آفس، دہلی جی پی او، پٹیل نگر، دہلی کینٹ، پشم وہار، حوض خاص، رمیش نگر ہیڈ پوسٹ آفس، اندر پرستھ، روہنی سیکٹر-7، جنک پوری، آر کے پورم سیکٹر-5، کرشنا نگر، آر پی بھون، کرول باغ اور پارلیمنٹ اسٹریٹ سمیت 34 اہم ڈاک خانوں میں قائم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح اسپیڈ پوسٹ کی بکنگ کشمیری گیٹ، بسنت لوک، اے ایم پی سی، مارکیٹ روڈ، کرشنا نگر، دہلی جی پی او، نئی دہلی جی پی او، نارائنا انڈسٹریل اسٹیٹ، آر ایم ایس بھون کے پی او ایس کاؤنٹر اور صفدر جنگ کے ای-کامرس سینٹر سمیت متعدد مراکز پر کی جا رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بہار قانون ساز کونسل کے پٹنہ گریجویٹ حلقے کے انتخاب میں جن سوراج کے امیدوار…
کشیدگی کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام کورسز کی کلاسیں آن لائن کر دی…
مالی سال 2027 کی پہلی ششماہی، یعنی اپریل سے ستمبر کے دوران، کمپنی کی آمدنی…
وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقے وارانسی میں سماج وادی پارٹی نے ٹیچر حلقے…
برازیل کے صدارتی انتخابات میں لولا دا سلوا کو 51.79 فیصد درست ووٹ ملے، جبکہ…
منتظمین کے مطابق، اچھی فلم بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ انسانی احساسات اور…