مورخہ21 جون کو ہونے والے ری-نیٹ (UG 2026 (امتحان سے قبل ایک بار پھر سوشل میڈیا پر پیپر لیک سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ بعض پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امتحان کا سوالیہ پرچہ لیک ہو چکا ہے یا امتحان سے پہلے ہی دستیاب کرایا جا رہا ہے۔ ان افواہوں کے درمیان نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے ہفتہ کے روز اپنے سرکاری “ایکس” (X) ہینڈل پر وضاحت جاری کرتے ہوئے تمام دعوؤں کو مکمل طور پر جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
این ٹی اے نے طلبہ اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں۔
این ٹی اے کا وضاحتی بیان
این ٹی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا اور مختلف میسجنگ پلیٹ فارمز پر ایسے پیغامات گردش کر رہے ہیں جن میں نیٹ (UG) 2026 کے دوبارہ امتحان کے سوالیہ پرچے کے لیک ہونے، پہلے سے دستیاب ہونے یا فروخت کیے جانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
ایجنسی کے مطابق یہ تمام دعوے سراسر جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی ہیں، جن کا مقصد طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو گمراہ کرنا ہے۔ این ٹی اے نے کہا کہ اس قسم کا مواد منظم نقل کروانے والے گروہوں کی جانب سے پھیلایا جاتا ہے، جو طلبہ کی بے چینی اور پریشانی کا فائدہ اٹھا کر جعلی پرچے فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
فراڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی
این ٹی اے نے واضح کیا کہ امتحان کا پورا نظام مکمل طور پر محفوظ اور قابلِ اعتماد ہے۔ امتحان کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایجنسی کے مطابق ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور چینلز پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جو غلط یا گمراہ کن معلومات پھیلا رہے ہیں۔ ان اکاؤنٹس کی نشاندہی کر کے متعلقہ پلیٹ فارمز اور سائبر کرائم حکام کو رپورٹ کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جا سکے۔
افواہوں سے دور رہنے کی ہدایت
این ٹی اے نے یہ بھی کہا کہ پیپر لیک کی جھوٹی خبریں پھیلانا، سوالیہ پرچہ دلانے کا جھانسہ دینا یا اس کی خرید و فروخت میں ملوث ہونا ایک سنگین جرم ہے۔ ایسے معاملات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایجنسی نے طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ پیغام پر یقین نہ کریں، کسی کو رقم ادا نہ کریں اور نہ ہی ایسی معلومات دوسروں تک پہنچائیں۔ این ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا ہینڈلز سے جاری ہونے والی معلومات کو ہی مستند سمجھا جائے۔این ٹی اے نے طلبہ کو تلقین کی ہے کہ وہ افواہوں سے متاثر ہونے کے بجائے اپنی پڑھائی اور امتحان کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھیں، کیونکہ کامیابی کا انحصار صرف محنت، لگن اور درست تیاری پر ہوتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
آر سی بی کے ساتھ شاندار سیزن گزارنے کے بعد گریس ہیرس یوپی واریئرز میں…
شیفالی ورما نے محض 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کرکے بھارتی خواتین ون…
دسمبر 2030 تک نیا ٹرمینل تیار کرنے کا منصوبہ، سالانہ 2 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے…
وکلا کے ایک گروپ نے جسٹس اجے بھنوٹ کی عدالت میں ہنگامہ آرائی کی اور…
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا کا احتجاج 17ویں روز بھی جاری رہا۔ کیمپس کے قرب…
انڈمان و نکوبار جزائر کی انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ مرکز کے زیر…