قومی

INDIA Alliance Protest: ایس آئی آر کے خلاف اپوزیشن کا ملک گیر احتجاج، پٹنہ میں تیجسوی کا مارچ، لکھنؤ اور بنگلورو میں بھی مظاہرے

الیکشن کمیشن کی ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج تیز ہوگیا ہے۔ دہلی سے لے کر پٹنہ، لکھنؤ، حیدرآباد اور بنگلورو تک مختلف سیاسی پارٹیوں اور تنظیموں نے مظاہرے کیے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ایس آئی آر کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اپوزیشن کے ’انڈیا‘ اتحاد کے لیڈروں نے سڑکوں پر اتر کر الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی مارچ کی قیادت راشٹریہ جنتا دل کے کارگزار صدر اور اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے کی۔ ان کے ساتھ رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی سمیت ’اتحاد‘ کے کئی سینئر لیڈر اور کارکن موجود تھے۔ مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔

شہید اسمارک سے لوک بھون تک مارچ، پولیس نے روکا

مظاہرین نے اسمبلی احاطے کے قریب واقع شہید اسمارک سے مارچ شروع کیا اور لوک بھون کی جانب بڑھنے لگے۔ تاہم الیکشن کمیشن کے دفتر کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی بڑی تعداد میں تعینات پولیس اہلکاروں اور بیریکیڈنگ کے ذریعے انہیں روک دیا گیا۔ اس دوران لیڈروں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید بحث ہوئی اور صورتحال دھکا مکی تک پہنچ گئی۔ پولیس نے مظاہرین کو مزید آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔

گورنر سے ملاقات کے بعد تیجسوی کا حکومت پر حملہ

گورنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے بہار حکومت اور الیکشن کمیشن دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس انتظامیہ کا رویہ جابرانہ تھا اور جمہوری طریقے سے احتجاج کرنے والوں کو روکا جا رہا ہے۔ تیجسوی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن اپنی غیر جانب داری کھو چکا ہے اور اس کی کارکردگی سے ایک مخصوص سیاسی پارٹی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

لکھنؤ میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی کا احتجاج

اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں بھی ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کی نئی ریاستی صدر آرادھنا مشرا کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکن سڑکوں پر اترے۔ احتجاج کے دوران مرکزی حکومت اور بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آرادھنا مشرا سمیت کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

تلنگانہ میں بھی ’جمہوریت بچاؤ‘ مارچ

تلنگانہ میں بھی کانگریس اور ’انڈیا‘ اتحاد سے وابستہ پارٹیوں نے ریلی نکال کر الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کیا۔ ’جمہوریت بچاؤ‘ مہم کے تحت یہ مارچ نیکلس روڈ پر اندرا گاندھی کے مجسمے سے شروع ہوکر لوک بھون تک پہنچا۔ ریلی میں ریاستی حکومت کے کئی وزرا اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان میں پونم پربھاکر، ڈی شری دھر بابو، جوپلی کرشنا راؤ اور ریاستی کانگریس صدر بی مہیش کمار گوڑ نمایاں طور پر موجود رہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی مہیش کمار گوڑ نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ انتخابی فائدے کے لیے الیکشن کمیشن کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیتے، احتجاج جاری رہے گا۔

بنگلورو میں CJP کا مظاہرہ

بنگلورو کے فریڈم پارک میں بھی CJP کے بینر تلے احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کے بانی ابھیجیت دیپکے، یوٹیوبر دھرو راٹھی اور اداکار و سماجی کارکن پرکاش راج موجود رہے۔ ابھیجیت دیپکے نے الزام عائد کیا کہ ایس آئی آر کے عمل کو ایسے ووٹروں کے نام حذف کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جو بی جے پی کے خلاف ووٹ دے سکتے ہیں۔ کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں خواتین نے احتجاج کا ایک منفرد طریقہ اختیار کیا۔ خواتین کی سلامتی اور ان کے حقوق کے مطالبے کو لے کر ’چپل احتجاج‘ کیا گیا، جس نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔ اس پروگرام میں CJP کے بانی ابھیجیت دیپکے، آشوتوش رانکا اور ترجمان سورو داس بھی شریک ہوئے۔ ہاتھوں میں تختیاں اٹھائے خواتین نے کہا کہ سلامتی صرف حق کا معاملہ نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری بھی ہے۔ مظاہرین نے خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abdul Awwal

Recent Posts

Modi’s Focus on Water Education: پانی کے تحفظ پر مودی حکومت کا بڑا زور، اسکولوں کے نصاب میں شامل ہوں گے آبی انتظام سے متعلق موضوعات

نئی دہلی میں ایمپاورڈ ٹاسک فورس (ETF) کے 20ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی…

54 seconds ago

UDMA Day 2026: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اُڈما ڈے 2026 کا انعقاد 10 اکتوبر سے، یونانی طب، ادویہ سازی، تحقیق، تعلیم اور صحت سے وابستہ نمائندگان کی شرکت

میلے میں ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیوں کو کمپنی مالکان اور سینئر نمائندگان سے براہِ راست…

25 minutes ago