مسلم راشٹریہ منچ (ایم آر ایم) گجرات کی جانب سے ضلع بھروچ میں ایک شاندار تقریبِ اعزاز کا انعقاد کیا گیا، جس میں گجرات بھر سے تعلق رکھنے والے مسلم برادری کے ہونہار طلبہ اور سماجی خدمات انجام دینے والی ممتاز شخصیات کو ٹرافی اور اسنادِ اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کی صدارت مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست ڈاکٹر اندریش کمار نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی اور قومی رابطہ کار نیز قومی اقلیتی تعلیمی ادارہ کمیشن (NCMEI) کے قائم مقام چیئرمین پروفیسر (ڈاکٹر) شاہد اختر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو انسان کو کامیابی کی بلند ترین منزلوں تک پہنچاتی ہے۔ تقریب کا آغاز قرآنِ کریم کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد منچ کے عہدیداروں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کا تعارف کرایا۔ گجرات کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے طلبہ اور سماجی کارکنوں کو اسٹیج پر مدعو کرکے ان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا گیا۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے دوران ہال ’’تعلیم و تہذیب‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔
’’آپ صدر بنیں، وزیر اعظم بنیں، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام بنیں‘‘
اپنے خطاب میں پروفیسر شاہد اختر نے طلبہ کو بڑے خواب دیکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا، ’’میری خواہش ہے کہ آنے والے دنوں میں آپ میں سے کوئی اس ملک کا صدر بنے، کوئی وزیر اعظم بنے اور کوئی ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جیسی شخصیت بن کر ملک کا نام روشن کرے۔‘‘انہوں نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے سے گاؤں سے نکل کر ملک کے اعلیٰ ترین آئینی منصب تک پہنچنا تعلیم کی طاقت کا بہترین ثبوت ہے۔ ان کے مطابق صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ اچھا کردار بھی کامیابی کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کسی مذہب یا ذات کی شناخت سے نہیں بلکہ پورے ہندوستان کے محبوب صدر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
’’چھوٹی سوچ رکھنے والے کبھی بڑے نہیں بنتے‘‘
پروفیسر شاہد اختر نے کہا کہ نوجوان ہمیشہ بلند مقاصد کے ساتھ آگے بڑھیں، کیونکہ چھوٹی سوچ انسان کو بڑی کامیابیوں سے محروم رکھتی ہے۔ انہوں نے مسلم راشٹریہ منچ کے تین بنیادی ستون تعلیم، ترقی اور تہذیب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم انسان کو اچھا انسان بناتی ہے جبکہ عصری تعلیم ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھولتی ہے، اس لیے دونوں کا امتزاج ضروری ہے۔انہوں نے طلبہ کو والدین، اپنے ضلع، اپنے معاشرے اور ملک کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ والدین کو اپنی اولاد پر فخر ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ترقی یافتہ بھارت 2047‘‘ کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ذمہ داری نئی نسل کے کندھوں پر ہے۔
’’حب الوطنی نصف الایمان‘‘
پروفیسر شاہد اختر نے اپنے خطاب میں حب الوطنی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں وطن سے محبت کا درس دیتا ہے اور ’’حب الوطنی نصف ایمان ہے‘‘ کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر ملک کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہیں۔انہوں نے طلبہ کو مثبت اور تعمیری سوچ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر انسان تعلیم کو اپنا مقصد بنا لے اور اچھی سوچ کے ساتھ آگے بڑھے تو کامیابی اور خوشحالی کو کوئی نہیں روک سکتا۔
منتظمین کی خدمات کو سراہا گیا
پروفیسر شاہد اختر نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر مسلم راشٹریہ منچ گجرات کے کنوینر سلیم پٹھان اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ آخر میں انہوں نے تمام طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا، ’’اللہ تعالیٰ آپ سب کو بے شمار کامیابیاں عطا فرمائے۔‘‘
مسلم راشٹریہ منچ کیا ہے؟
مسلم راشٹریہ منچ ایک سماجی تنظیم ہے جو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے تحریک لیکر مسلم سماج میں باہمی مکالمہ، سماجی ہم آہنگی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے کام کرتی ہے۔ تنظیم کے سرپرست ڈاکٹر اندریش کمار ہیں، جو آر ایس ایس کی قومی عاملہ کے رکن بھی ہیں۔سال 2002 میں قائم ہونے والی اس تنظیم کا مقصد ہندو اور مسلم برادریوں کے درمیان بھائی چارے اور باہمی اعتماد کو مضبوط کرنا ہے۔ منچ تعلیم، تہذیب اور ترقی کو اپنے بنیادی اصول قرار دیتا ہے اور انہیں معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
تقریب کا پیغام
تقریبِ اعزاز نے یہ واضح پیغام دیا کہ مسلم سماج کے نوجوان تعلیم، کردار اور محنت کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر تمام اعزاز یافتہ طلبہ نے تعلیم کو اپنی زندگی کا مقصد بنانے اور ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بھرپور کوشش کرنے کا عزم کیا، جبکہ مسلم راشٹریہ منچ نے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کا اعلان کیا تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
راجہ رام موہن رائے نے ان برائیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی۔ ان کی سب…
کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے بھی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو یاد کرتے ہوئے…
بل گیٹس نے این بی سی کی کرسٹن ویلکر سے انٹرویو میں کہا، ’’اے آئی…
29 جون کو سی بی ایس ای نے تین زبانوں کی پالیسی کے حوالے سے…
کے سی وینوگوپال نے مرکزی حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے حکومت اور اس…
فوج کے ترجمان کے مطابق، دونوں اعلیٰ فوجی افسران کے علاوہ وفد کے 12 ارکان…