نئی دہلی: منی پور میں تازہ تشدد کے بعد حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔ اتوارکی رات اورپیرکی صبح پیش آنے والے دوالگ الگ واقعات میں کم ازکم 4 افراد کی موت کی اطلاع ہے۔ ان واقعات کے بعد ریاست میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اورامپھال میں لوگوں کے درمیان شدید غم وغصہ دیکھا جا رہا ہے۔ مشتعل مظاہرین دو افراد کی لاشیں لے کروزیراعلیٰ وائی۔ کھیم چند سنگھ کی رہائش گاہ کے باہرپہنچ گئے اورانہیں گیٹ کے سامنے رکھ دیا۔ صورت حال کوقابومیں کرنے کے لئے سیکورٹی اہلکاروں نے آنسو گیس کے گولے داغے۔ بعد میں انتظامیہ نے لاشوں کووہاں سے ہٹا کراسپتال پہنچا دیا۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، یہ واقعہ امپھال ایسٹ اورکانگ پوکپی اضلاع کی سرحد کے قریب فائرنگ کے بعد پیش آیا۔ حکام کے مطابق، جلانے کی لکڑی جمع کرنے گئے افراد کے ایک گروپ پرمشتبہ عسکریت پسندوں نے مبینہ طورپرحملہ کیا تھا۔
لکڑی جمع کرنے گئے لوگوں پرفائرنگ، دوکی شناخت
حکام کے مطابق، پیر کی صبح تقریباً 7 بجے 16 افراد پرمشتمل ایک گروپ اپنے گاؤں کے قریب پہاڑی علاقے میں جلانے کی لکڑی جمع کرنے گیا تھا۔ اسی دوران ان پرفائرنگ کی گئی۔ یہ واقعہ امپھال ایسٹ ضلع کے نونگ شوم گاؤں کے قریب کانگ پوکپی ضلع کے علاقے میں پیش آیا۔ اس فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت اروُبم رونیل (35) اورلیرین لاکپم انوبی (51) کے طورپرہوئی ہے۔ زخمیوں کوعلاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ واقعہ کے بعد تین افراد کی تلاش بھی کی جا رہی تھی۔
وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ، آنسو گیس کا استعمال
قتل کی خبرپھیلنے کے بعد مقامی لوگ احتجاج کرنے کے لئے امپھال میں وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہرجمع ہوگئے۔ مظاہرین نے دوافراد کی لاشیں گیٹ کے سامنے رکھ دیں، جس کے بعد وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حالات بگڑنے پرسیکورٹی اہلکاروں نے بھیڑکومنتشرکرنے کے لیے آنسوگیس کے گولے داغے۔ بعد میں لاشوں کو جواہرلعل نہروانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(جے این آئی ایم ایس) منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے وقت وزیراعلیٰ وائی۔ کھیم چند سنگھ اپنی رہائش گاہ پرموجود تھے یا نہیں، اس کی فوری طورپرتصدیق نہیں ہوسکی۔
منی پورمیں پہلے بھی ہو چکے ہیں تشدد کے واقعات
منی پورکے پہاڑی اضلاع میں حالیہ دنوں میں بھی تشدد کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل کام جونگ ضلع کے چسّاد گاؤں میں کوکی اورناگا برادریوں سے وابستہ مسلح گروپوں کے درمیان فائرنگ کی اطلاع ملی تھی۔ اس واقعے میں ایک شخص کی موت ہوئی تھی، جب کہ کئی دیگرافراد زخمی ہوئے تھے۔ ریاست میں مختلف برادریوں کے درمیان کشیدگی اورتشدد کے مسلسل واقعات نے امن وامان کی صورت حال پرتشویش بڑھا دی ہے۔ تازہ واقعے کے بعد امپھال میں حالات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
دہلی پولیس نے دونوں لیڈروں کی عدالتی حراست میں مزید پانچ دن کی توسیع کی…
یو اے ای کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان…
’کافی ود کرن‘ میں رشمیکا مندانا اور وجے دیورکونڈا نے شادی اور نجی زندگی سے…
اتر پردیش میں ایس آئی آر مہم کے ذریعے 2.04 کروڑ سے زائد ووٹروں کے…
کمیٹی احتجاج کرنے والے طلبہ کے مطالبات کا جائزہ لے کر کیمپس میں معمولات بحال…
ہائی کورٹ میں دائر عرضی میں نیہا بورا نے انتہائی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ان…