نئی دہلی : دیوالی اور چھٹھ پوجا سے پہلے ملک کے تاجروں کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے یکم نومبر سے 19 کلوگرام والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ مختلف شہروں میں ان سلنڈروں کے دام 10 سے 12 روپے تک بڑھائے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی قیمتیں اتوار سے ملک بھر میں نافذ ہو گئی ہیں۔ تاہم گھریلو گیس یوزر کو فی الحال راحت دی گئی ہے اور 14.2 کلوگرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔کمرشیل سلنڈر کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بازاروں میں تہواروں کی خریداری تیز ہونے والی ہے۔ ہوٹلوں، ریستورانوں، ڈھابوں اور کیٹرنگ کے کاروبار میں استعمال ہونے والے ان سلنڈروں کے مہنگے ہونے سے تاجروں کی کاروباری لاگت بڑھ سکتی ہے۔
ہوائی ایندھن کی قیمت میں بھی 1.37 روپے فی لیٹر اضافہ
بین الاقوامی بازار میں قیمتوں میں تیزی کے باعث ہوائی جہازوں کے ایندھن، یعنی ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی قیمت بھی اتوار سے 1.37 روپے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے اس اضافے کی اطلاع دی ہے۔اے ٹی ایف کی قیمت 137.12 روپے سے بڑھ کر 138.50 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ جیٹ فیول کی قیمتوں میں یہ مسلسل چوتھے مہینے اضافہ ہے۔ بین الاقوامی بازار میں قیمتیں بڑھنے کے باعث ملک میں بھی اس کے دام بڑھائے گئے ہیں۔اس سے پہلے یکم اکتوبر کو اے ٹی ایف کی قیمت میں 16 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل یکم ستمبر کو 6.28 روپے اور یکم اگست کو 5 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا تھا۔ہوائی کمپنیوں کی مجموعی کاروباری لاگت میں جیٹ فیول کا حصہ تقریباً 40 فیصد ہوتا ہے۔ ایسے میں قیمتوں میں تازہ اضافے سے فضائی کمپنیوں کے اخراجات مزید بڑھ سکتے ہیں۔
چار بڑے شہروں میں کمرشیل سلنڈر کی نئی قیمتیں
انڈین آئل کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کے مطابق دہلی میں 19 کلوگرام والے کمرشیل سلنڈر کی قیمت 2,810 روپے سے بڑھ کر 2,820 روپے ہو گئی ہے۔ اس طرح دارالحکومت میں 10 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔کولکاتا میں سلنڈر کی قیمت 2,959 روپے سے بڑھ کر 2,971 روپے ہو گئی ہے۔ یہاں یوزڑ کو اب 12 روپے زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔ممبئی میں کمرشیل سلنڈر کے دام 2,764 روپے سے بڑھ کر 2,775 روپے ہو گئے ہیں، جب کہ چنئی میں قیمت 2,983 روپے سے بڑھ کر 2,994.50 روپے پہنچ گئی ہے۔ چنئی میں 11.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔احمد آباد میں بھی کمرشیل ایل پی جی سلنڈر مہنگا ہو گیا ہے۔ یہاں اس کی قیمت 2,831.50 روپے سے بڑھ کر 2,842 روپے ہو گئی ہے۔ یعنی صارفین کو اب 10.50 روپے اضافی ادا کرنے ہوں گے۔
گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتیں برقرار
کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی کے درمیان گھریلو صارفین کو راحت دی گئی ہے۔ 14.2 کلوگرام والے گھریلو رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتیں پہلے کی طرح برقرار رکھی گئی ہیں۔چنئی میں گھریلو سلنڈر 957.50 روپے، ممبئی میں 941.50 روپے اور احمد آباد میں 949 روپے میں دستیاب ہے۔
اس سال کئی بار تبدیل ہوئے کمرشیل سلنڈر کے دام
کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ ستمبر 2026 میں سرکاری تیل کمپنیوں نے 19 کلوگرام والے سلنڈر کی قیمت میں 9.50 روپے کا اضافہ کیا تھا۔ اس کے بعد اکتوبر میں قیمتیں 62.50 روپے تک بڑھائی گئی تھیں۔ اگست میں تاجروں کو راحت دیتے ہوئے کمرشیل سلنڈر کی قیمتوں میں 209 روپے کی کمی کی گئی تھی۔ اس وقت بھی گھریلو سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو
اداکاری کے علاوہ ڈیانا پینٹی سماجی کاموں میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔ کووڈ-19 وبا کے…
ای ڈی کے حکام اعظم خان کو غازی آباد لے کر پہنچے، جہاں انہیں منی…
دوسری جانب بی جے پی نے بھی مغربی دہلی میں جوابی مارچ کا اہتمام کیا…
محکمہ موسمیات کے تازہ بلیٹن کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک کے کئی حصوں…
اتر پردیش قانون ساز کونسل کی 11 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں بی…
وزیراعظم مودی نے کرناٹک اور کیرالہ ریاستوں کی ثقافتی وراثت اور ترقیاتی کامیابیوں کو سراہا۔…