بٹھنڈہ کی عدالت سے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو بڑا قانونی جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے واضح طور پر حکم دیا ہے کہ کنگنا رناوت کو 15 جنوری کو ہر حال میں عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہونا ہوگا۔ اگر وہ مقررہ تاریخ پر عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں تو ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا جائے گا اور ساتھ ہی ان کی ضمانت بھی منسوخ کی جا سکتی ہے۔یہ معاملہ بٹھنڈہ کے گاؤں بہادرگڑھ جندیا کی رہائشی بزرگ خاتون کسان بیبے مہندر کور کی جانب سے دائر کردہ ہتکِ عزت کے مقدمے سے جڑا ہوا ہے۔ بیبے مہندر کور کے وکیل رگھوبیر سنگھ بہنیوال نے عدالت کی کارروائی کے بعد میڈیا کو بتایا کہ کنگنا رناوت کے وکیل نے عدالت میں پیشی سے استثنا کی درخواست دائر کی تھی، تاہم عدالت نے اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔
عدالت نے اپنے سخت مؤقف میں کہا کہ اس بار کنگنا رناوت کی غیر حاضری کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوگی۔ پچھلی سماعت کے دوران بھی عدالت نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے اداکارہ کو خبردارکیا تھا کہ اگلی تاریخ پر انہیں لازمی طور پر پیش ہونا ہوگا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ اگر کنگنا مقررہ تاریخ پر حاضر نہیں ہوئیں تو نہ صرف ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری ہوں گے بلکہ ان کی ضمانت بھی ختم سمجھی جائے گی۔ یہ مقدمہ سال 2021 کا ہے، جب دہلی کی سرحدوں پر مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف تاریخی کسان تحریک جاری تھی۔ اسی دوران کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (اس وقت ٹوئٹر) پر ایک بزرگ خاتون کی تصویر شیئر کی تھی، جس کے ساتھ انہوں نے متنازع تبصرہ کیا تھا۔ کنگنا نے اس تصویر میں نظر آنے والی خاتون کو شاہین باغ کی ’دادی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی خواتین 100-100 روپے میں احتجاج میں شامل ہو جاتی ہیں۔
بعد میں واضح ہوا کہ تصویر میں موجود خاتون دراصل بٹھنڈہ کے گاؤں بہادرگڑھ جندیا کی 87 سالہ کسان بیبے مہندر کور تھیں، جو کسان تحریک سے وابستہ تھیں۔ اس بیان سے نہ صرف مہندر کور بلکہ پورے کسان طبقے میں شدید ناراضگی پھیل گئی تھی۔ بیبے مہندر کور نے عدالت میں عرضی دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کنگنا کے بیان سے ان کی عزت اور سماجی وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔ کنگنا رناوت نے اس مقدمے کو ختم کرانے کے لیے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا، قابل ذکربات یہ ہےکہ سپریم کورٹ نے ان کی درخواست منظور کرنے سے انکار کر دیا۔ اب بٹھنڈہ کی عدالت نے سخت رویہ اپناتے ہوئے اداکارہ کو آخری موقع دیا ہے۔ 15 جنوری کو ہونے والی سماعت پر سب کی نظریں جمی ہوئی ہیں، جہاں کنگنا کی پیشی اس معاملے میں آگے کی قانونی کارروائی کا رخ طے کرے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کیپٹن…
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹس نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں دو سلور اور…
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…
انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے امریکہ…
آئی بی سی کے ذریعے ممبئی کے ٹیک ٹین بی کے سی اور بھارت نگر…