پولیس نے ملزم عاشق کو کیا گرفتار
بوکارو: جھارکھنڈ کے ضلع بوکارو میں 18 سالہ لڑکی کے اغوا اور قتل کے معاملے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 داروغہ سمیت کل 28 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ یہ قدم عدالت عالیہ کی سختی کے بعد اٹھایا گیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف معاملے کی ازسرنو جانچ ہوئی بلکہ مقتولہ کی لاش بھی برآمد کر لی گئی اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ معاملہ تقریباً 9 ماہ پرانا ہے۔ بوکارو کے پنڈراجورا تھانہ علاقے کے کھوٹاڈیہ گاؤں کی رہنے والی ریکھا دیوی نے 24 جولائی 2025 کو اپنی 18 سالہ بیٹی کماری پشپا مہتو کے اغوا کی شکایت درج کرائی تھی۔ ابتدائی طور پر پولیس نے کیس درج کر کے خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی، لیکن بعد میں انکشاف ہوا کہ ٹیم نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے بجائے ملزم کا ساتھ دیا اور معاملے میں سنگین لاپروائی برتی گئی۔
کافی عرصہ گزر جانے کے باوجود نہ تو لڑکی کا کوئی سراغ ملا اور نہ ہی ملزم کی گرفتاری ممکن ہو سکی۔ اس پر اہل خانہ نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔ عدالت کی مداخلت کے بعد پولیس محکمہ حرکت میں آیا اور کیس کی دوبارہ تفتیش کے لیے ایک نئی ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی قیادت ڈی ایس پی سٹی آلوک رنجن نے کی۔ نئی ٹیم نے صرف ایک دن میں معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے مرکزی ملزم دنیش مہتو کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے جنگل سے لڑکی کا کنگال نما جسم، اس کے کپڑے اور قتل میں استعمال ہونے والا چاقو برآمد کیا۔ تفتیش کے دوران یہ چونکا دینے والا انکشاف بھی سامنے آیا کہ کئی پولیس اہلکار ملزم کی مدد میں ملوث تھے۔ الزام ہے کہ ان اہلکاروں نے رشوت لے کر نہ صرف ملزم کو بچانے کی کوشش کی بلکہ اس کے ساتھ محفلیں بھی کیں، جس سے محکمہ پولیس کی شبیہ کو شدید نقصان پہنچا۔ اس انکشاف کے بعد بوکارو کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہروِندر سنگھ نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے پنڈراجورا تھانہ انچارج سمیت کل 28 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ معطل ہونے والوں میں 10 سب انسپکٹر، 5 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، 2 حوالدار اور 11 سپاہی شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم دنیش مہتو نے اعتراف کیا کہ وہ مقتولہ پشپا کے ساتھ گزشتہ تین برسوں سے تعلق میں تھا۔ پشپا اس پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی، جس سے تنگ آ کر اس نے منصوبہ بندی کے تحت اسے قتل کر دیا۔ اس نے 24 جولائی 2025 کو پشپا کو چاس کالج کے قریب ملنے کے بہانے بلایا اور پھر اسے قریبی جنگل میں لے جا کر چاقو سے حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔ قتل کے بعد اس نے لاش کو جنگل میں چھپا دیا۔ تقریباً 9 ماہ تک انصاف نہ ملنے پر اہل خانہ نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا، جس کے بعد پولیس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف معاملے کو حل کیا بلکہ ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی سخت قدم اٹھایا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کیپٹن…
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹس نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں دو سلور اور…
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…
انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے امریکہ…
آئی بی سی کے ذریعے ممبئی کے ٹیک ٹین بی کے سی اور بھارت نگر…