قومی

Jamia Foundation Day 2026: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 106ویں یومِ تاسیس پر طلبہ کا احتجاج، طالب علم فیضان علی خان کو تہاڑ جیل بھیجا گیا، جانئے پورا معاملہ

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قیام کے 106 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ جامعہ ہرسال 29 اکتوبرکواپنا یومِ تاسیس مناتا ہے۔ 1920 میں قائم ہونے والا یہ ادارہ وقت کے ساتھ تعلیمی میدان میں ترقی کرتا رہا ہے، لیکن اس مرتبہ یومِ تاسیس کے موقع پرجامعہ کا کیمپس طلبہ کے احتجاج اورمختلف مطالبات کی وجہ سے سرخیوں میں ہے۔ ایک طرف جامعہ کے طلبہ بھوک ہڑتال پربیٹھے ہیں اوراپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں، تودوسری جانب جامعہ کے طالب علم فیضان علی خان کوایک دن قبل پولیس حراست میں لیے جانے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں تین دن کے لیے تہاڑجیل بھیج دیا گیا۔ اسی دوران جامعہ انتظامیہ کی جانب سے سردیوں کی تعطیلات تک کلاسیں بند کرنے، امتحانات آن لائن کرانے اورہاسٹل خالی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ان فیصلوں کے بعد طلبہ وطالبات کی ناراضگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ دیررات طالبات نے بھی ان احکامات کے خلاف احتجاج کیا۔

یومِ تاسیس پرانتظامیہ اورطلبہ کی الگ الگ تقریبات

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 106ویں یومِ تاسیس کے موقع پرجامعہ انتظامیہ نے اپنی سطح پرتقریب منعقد کی۔ اس میں وائس چانسلرپروفیسرمظہرآصف، رجسٹرارپروفیسرمہتاب عالم رضوی سمیت دیگرعہدیداران نے شرکت کی۔ دوسری جانب احتجاج کرنے والے طلبہ نے جامعہ کے گیٹ نمبر-7 کے قریب غالب لان میں علامتی طورپر106واں یومِ تاسیس منایا۔ طلبہ نے جوش وخروش کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی اوراپنے اتحاد کا اظہارکیا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب یومِ تاسیس کی تقریب جامعہ انتظامیہ کی شرکت کے بغیرطلبہ کی جانب سے منعقد کی گئی۔ طلبہ کی اس تقریب کو ان کے اتحاد، حوصلے اوراپنے مطالبات پرقائم رہنے کے عزم کے اظہارکے طورپردیکھا جا رہا ہے۔

پرہلاد جوشی اورنجیب جنگ کا طلبا کے احتجاج پرآیا بیان

جامعہ میں طلبہ کے احتجاج کے معاملے پر مرکزی وزیرتعلیم پرہلاد جوشی نے بھی بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میں امن و قانون کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر تعلیم کے مطابق، جامعہ میں طلبہ یونین پر 2006 سے پابندی ہے اور اسے موجودہ حکومت نے بند نہیں کیا۔ انہوں نے کیمپس میں توڑ پھوڑ کے واقعات پرکارروائی کی بات بھی کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر اور دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ نے بھی طلبہ کے احتجاج کے حوالے سے اپنا موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر سے اپیل کی کہ وہ طلبہ کے ساتھ بات چیت کریں اور طلبہ یونین کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ نجیب جنگ کے مطابق، ملک بھر میں طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے اعلان کے بعد جامعہ کے طلبہ کا بھی اپنا یونین قائم کرنے کا مطالبہ جائز ہے۔ انہوں نے اسے جمہوری عمل کا حصہ قرار دیا۔ تاہم، ماضی میں جب نجیب جنگ جامعہ کے وائس چانسلر تھے، اس وقت بھی طلبہ یونین کی بحالی کا مطالبہ اٹھا تھا۔ اس وقت طلبہ کے مطالبے پر خاطر خواہ توجہ نہ دیے جانے پر ان کے دورِ کار پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے اور بعض حلقوں نے اسے آمرانہ طرزِ انتظام سے تعبیر کیا تھا۔ سماجی کارکن اور دانشور یوگیندر یادو نے بھی احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو جیل میں تبدیل کر دینا درست نہیں ہے۔

طلبا کے احتجاج کو مل رہی ہے حمایت

طلبہ کے احتجاج کو مختلف طلبہ تنظیموں کے علاوہ کانگریس، سماج وادی پارٹی، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)، سماجی کارکنوں اور جامعہ کے سابق طلبہ کی بھی حمایت مل رہی ہے۔ طلبہ کا احتجاج جاری ہے، جبکہ طلبہ کی جانب سے الزام لگایا جا رہا ہے کہ جامعہ انتظامیہ احتجاج کو کمزورکرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ کلاسیں بند کرنے، امتحانات آن لائن کرنے اور ہاسٹل خالی کرنے کے احکامات کے بعد تنازع مزید بڑھ گیا ہے۔ جامعہ میں جاری اس صورت حال کے درمیان طلبہ یونین کی بحالی، انتظامیہ اورطلبہ کے درمیان بات چیت اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق فیصلے اہم موضوعات بن گئے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جامعہ انتظامیہ طلبہ کے مطالبات پرکیا موقف اختیارکرتی ہے اوراحتجاج ختم کرانے کے لیے کوئی قابلِ قبول راستہ نکلتا ہے یا نہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

Cyclone Arnab: چکرواتی طوفان ’ارنب‘ کے باعث بہار کے دو اضلاع میں ریڈ الرٹ، دیگر علاقوں کے لیے بھی وارننگ جاری

محکمہ موسمیات نے سیتامڑھی اور مدھوبنی میں انتہائی شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کا…

21 minutes ago

India Inequality Hits Sharp Decline: ہندوستان میں غربت میں دنیا کی تیز ترین کمی درج، 27.1 فیصد سے گھٹ کر 2.6 فیصد پر پہنچی- عالمی بینک

رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں آمدنی کی عدم مساوات میں بھی گزشتہ 5 برسوں کے…

26 minutes ago

Flood Alert: بھوٹان میں گلیشیئر جھیل پھٹی، آسام اور بنگال کے اضلاع میں سیلاب کا الرٹ، لوگوں سے گھر چھوڑنے کی اپیل

آسام اور بنگال کے حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور سیلابی پانی کے…

2 hours ago