قومی

Jamaat-e-Islami On Assembly Election Results 2026: ‎مغربی بنگال الیکشن کے نتائج پرجماعت اسلامی کا اظہارتشویش، تشدد اورفرقہ وارانہ سیاست پراٹھایا سوال

‎نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند نے حالیہ اسمبلی انتخابات خاص کرمغربی بنگال میں الیکشن کے دوران شفافیت کی کمی اوراس کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات پراپنی سخت تشویش کا اظہارکیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے ملک میں بڑھتی ہوئی منہگائی اورشدید گرمی کی لہرپربھی اپنی تشویش ظاہرکی ہے۔‎ ماہانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے نائب امیرملک معتصم خان نے مغربی بنگال، تمل ناڈو، کیرلا، آسام اورپڈوچیری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج پرگفتگوکی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں میں نئی حکومتیں قائم ہونے جا رہی ہیں جبکہ کچھ میں حکومتیں دوبارہ منتخب ہوئی ہیں۔ تاہم تمام حکومتوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے دوراقتدارمیں عوامی مفاد اورذمہ دارانہ طرزعمل اختیار کریں۔ انہوں نے زوردیا کہ ملک اس وقت معاشی دباؤ، بے روزگاری، بڑھتی ہوئی قیمتیں، تعلیم، ترقی اورسماجی انصاف جیسے سنگین مسایل سے دوچارہے۔ ان مسائل کوحل کرنے کے لئے علامتی اقدامات کے بجائے فوری اورٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے مغربی بنگال میں امن وامان کی فوری بحالی اورالیکشن کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

سرکاری مشینری کا غلط استعمال کئے جانے کا الزام

‎ملک معتصم خان نے مغربی بنگال میں انتخابی عمل پرتشویش ظاہرکرتے ہوئے ووٹرلسٹ میں تبدیلیوں، کمزورطبقات کوحق رائے دہی سے محروم کئے جانے اورسرکاری مشینری کے غلط استعمال کی رپورٹوں کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران اشتعال انگیزبیانیے نے سماج کے جمہوری ماحول کوخراب کیا اورانتخابی عمل کی شفافیت پرسوالات کھڑے کئے ہیں۔ اسی طرح دیگرریاستوں، خاص کرآسام میں بھی دولت کا بے جا استعمال، پروپیگنڈہ اورفرقہ وارانہ زبان پرتشویش ظاہرکی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات جمہوری اقدارکوکمزور کرتے ہیں۔ ملک معتصم خان نے کہا کہ انتخابات میں غیرجانبداری، شفافیت اورجوابدہی کویقینی بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والے اداروں کے کردارپرسوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کا جانبداری کا تاثرعوامی اعتماد کونقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خود کوسیکولراورجمہوری اقدارکا علمبردارکہنے والی جماعتیں اندرونی اختلافات کے باعث ایک متحدہ سیاسی محاذ بنانے میں ناکام رہیں، جس کی وجہ سے سماج میں تقسیم پیدا کرنے والی قوتوں کومضبوط ہونے کا موقع ملا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا ذمہ دارانہ کردارادا کریں، حکومتوں کا احتساب کریں اورعوامی مسائل کے حل کے لئے موثرکرداراداکریں۔

 

بڑھتی ہوئی مہنگائی پراظہارتشویش

‎مہنگائی کے مسئلے پرگفتگوکرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے نائب امیرپروفیسرسلیم انجینئرنے ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں اورعوام پربڑھتے مالی بوجھ پرگہری تشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی، ایندھن اوربجلی کی قیمتوں میں اضافے نے نقل وحمل اورخوراک کی قیمتوں کوبڑھا دیا ہے، جس سے گھریلواخراجات، چھوٹے کاروباراورمتوسط آمدنی والے طبقات شدید متاثرہورہے ہیں۔ ان حالات میں قوتِ خرید میں کمی اورمعاشی دباؤمیں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ عالمی توانائی کے بحران سے جڑا ہوا ہے، جومسلسل دباؤکی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایک متوازن حکمت عملی اپنائے، جس سے ایکسائزڈیوٹی میں کمی اوروی اے ٹی کے ذریعے ایندھن کی قیمتوں کومستحکم کیا جائے۔ انہوں نے طویل مدتی استحکام کے لیے پٹرول اورڈیزل کوجی ایس ٹی کے دائرے میں شامل کرنے، سپلائی سسٹم کومضبوط بنانے، لاجسٹکس کوبہترکرنے اورضروری اشیاء کی فراہمی کویقینی بنانے کے لئے بفراسٹاک قائم کرنے کی بھی تجویزدی۔ انہوں نے کمزورطبقات کی امداد کرنے اورذخیرہ اندوزی اورقیمتوں میں ہیرا پھیری روکنے کے لیے سخت نگرانی کی ضرورت پربھی زوردیا۔

درجہ حرارت کے سنگین اثرات سے نمٹنے پردیا زور

‎ پروفیسرسلیم انجینئرنے بڑھتے درجہ حرارت کے سنگین اثرات، جن میں صحت کے خطرات، روزگارکا نقصان اورکمزورطبقات جیسے مزدوروں اورغریبوں پردباؤشامل ہے، کواجاگرکیا۔ انہوں نے شدید گرمی کی بڑھتی شدت کو ماحولیاتی بگاڑ، جنگلات کی کٹائی اوربے قابوشہری توسیع سے جوڑا، جس نے قدرتی نظام کوکمزورکردیا ہے۔ انہوں نے فوری اورطویل مدتی اقدامات کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ ہیٹ ایکشن پلانزکا نفاذ، پینے کے پانی اورٹھنڈک کی سہولیات کی فراہمی، اوقات کارمیں مناسب تبدیلی اورصحت عامہ کے نظام کومضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے بڑے پیمانے پردرختوں کی کٹائی کے منصوبوں پرنظرثانی، شہری علاقوں میں ہریالی بڑھانے، آبی ذخائرکے تحفظ اورماحول دوست حکمت عملی اپنانے کی بھی اپیل کی۔
بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

Iran shoots down US military drone: ایران کا بڑا دعویٰ، 24 گھنٹے میں آبنائے ہرمز میں 3 امریکی ڈرون مار گرائے

ایرانی نیوز چینل پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ڈرون کو ایران کے…

1 hour ago

Sepehran Airlines Boeing 737: اڑان کے بعد طیارے کا ٹائر ہوا ٹائر ہوا الگ، مسافروں میں خوف و ہراس

شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد سے یہ طیارہ کرمان شاہ کے لیے روانہ ہوا…

2 hours ago

Mecca Drone Attack: مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہوا حوثی ڈرون، باغیوں نے مکہ پر حملے سے کیا انکار

یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی حمایت یافتہ فورسز کے خلاف لڑائی کی ایک ویڈیو…

2 hours ago

Delhi Weather Today: دہلی-این سی آر میں آج بونداباندی کے امکانات، جانئے محکمہ موسمیات کا تازہ اپ ڈیٹ

آئی ایم ڈی کے مطابق منگل (15 ستمبر) کو دہلی کے کچھ علاقوں میں بونداباندی…

3 hours ago