قومی

Operation Amistad: ’آپریشن امیستاد‘ کے تحت بھارت کی وینزویلا کو فوری انسانی امداد، طبی ٹیم اور راحتی سامان روانہ، ٹیم امدادی کاموں میں ہوگی شریک

بھارت نے تباہ کن زلزلے سے متاثرہ وینزویلا کی مدد کے لیے ’آپریشن امیستاد‘ کے تحت فوری انسانی امداد روانہ کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جنوبی امریکی ملک میں جاری راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ بھارت کی امدادی کھیپ وینزویلا پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیلڈ اسپتال یونٹ، امدادی سامان، ادویات اور طبی آلات وہاں جاری امدادی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

35 ٹن امدادی سامان اور 41 رکنی طبی ٹیم روانہ

کوٹ ڈی آئیور میں بھارتی سفارت خانے نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ کے دو سی-17 طیارے ابیجان کے راستے وینزویلا پہنچے۔ ان طیاروں کے ذریعے 35 ٹن امدادی سامان، بھارتی فوج کا فیلڈ اسپتال دستہ اور دو ’بھیشم کیوب‘ روانہ کیے گئے۔ 41 رکنی طبی ٹیم میں نو طبی افسران شامل ہیں، جو ہنگامی طبی امداد، ٹراما مینجمنٹ، جان بچانے والی سرجری اور دیگر ضروری طبی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ٹیم وزارتِ خارجہ کی جانب سے فراہم کی گئی تقریباً چھ ٹن ادویات اور انسانی امدادی سامان بھی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک طیارے میں آروگیہ میتری منصوبے کے تحت بھارت ہیلتھ انیشی ایٹو فار سہیوگ، ہت اور میتری (BHISHM) کیوب بھی بھیجے گئے ہیں۔

زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی، آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری

بھارتی سفارت خانے نے کہا کہ آپریشن امیستاد کے تحت طبی ٹیم کی تعیناتی انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کے لیے بھارت کے مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہے اور یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ بھارت مشکل گھڑی میں اپنے دوست ممالک کی بروقت مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز وینزویلا میں چند لمحوں کے وقفے سے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلے آئے تھے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق دونوں زلزلوں کا مرکز دارالحکومت کراکس سے تقریباً 160 کلومیٹر مغرب میں واقع ساحلی شہر مورون کے قریب تھا اور ان کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی، جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 1,430 افراد ہلاک، 3,238 زخمی اور 3,142 خاندان اس قدرتی آفت سے متاثر ہوئے ہیں۔ وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگیز کے مطابق 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں کے بعد اب تک 430 ہلکے اور درمیانی شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

MEA condemns Oman ship attack: عمان کے ساحل کے قریب کارگو جہاز پر حملہ، ایک ہندوستانی ملاح کی موت، بھارت نے واقعے کی مذمت کی

ہندوستان نے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خطے…

35 minutes ago

Two Helicopters Collide During Landing in Nepal: نیپال میں لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، ایک شخص کی موت

 نیپال میں بلند پہاڑی علاقوں اور ماؤنٹ ایورسٹ کے اطراف سیاحوں اور کوہ پیماؤں کو…

1 hour ago

Union Home Minister Amit Shah: چھتیس گڑھ راجیہ اتسو کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے امت شاہ، تین اہم پروگراموں میں لیں گے حصہ

راجیہ اتسو کی اختتامی تقریب کے دوران ریاست کی خواتین کے لیے چلائی جانے والی…

2 hours ago

Test of Leadership: اقتدار، سوال اور قیادت کی آزمائش

بھارتی جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ ہر شہری کو سوال پوچھنے…

3 hours ago