نئی دہلی : بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں لیڈروں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے تجارت، ثقافت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کا تبادلہ بھی ہوا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور کوریا کے درمیان دوطرفہ تجارت اس وقت 27 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور اسے 2030 تک 50 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔اپنے خطاب کے آغاز میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ صدر لی کی پہلی بھارت یاترا انتہائی اہم ہے اور ان کی زندگی جدوجہد اور عوامی خدمت کی ایک متاثر کن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار، مارکیٹ اکانومی اور قانون کی حکمرانی دونوں ممالک کی مشترکہ بنیاد ہیں، جس کی وجہ سے گزشتہ دہائی میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ دونوں ممالک نے مالیاتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے “انڈیا-کوریا فنانشل فورم” کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ صنعتی تعاون کو بڑھانے کیلئے “انڈسٹریل کوآپریشن کمیٹی” بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اہم ٹیکنالوجی اور سپلائی چین کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے “اکنامک سیکورٹی ڈائیلاگ” شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورین کمپنیوں، خاص طور پر چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کیلئے بھارت میں “کورین انڈسٹریل ٹاؤن شپ” قائم کی جائے گی۔ آئندہ ایک سال میں بھارت-کوریا تجارتی معاہدے کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور اے آئی، سیمی کنڈکٹر اور آئی ٹی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان “انڈیا-کوریا ڈیجیٹل برج” بھی لانچ کیا جائے گا، جب کہ شپ بلڈنگ، اسٹیل، پائیدار ترقی اور دیگر شعبوں میں نئے ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے۔ فلم، اینیمیشن اور گیمنگ کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
ثقافتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور کوریا کے درمیان ہزاروں سال پرانے روابط ہیں۔ انہوں نے ایودھیا کی شہزادی سوری رتنا اور کوریا کے بادشاہ کم سورو کی تاریخی روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت میں کے-پاپ اور کے-ڈرامہ مقبول ہیں، جب کہ کوریا میں بھارتی ثقافت اور سنیما کی شناخت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے 2028 میں “انڈیا-کوریا فرینڈشپ فیسٹیول” منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ عالمی کشیدگی کے ماحول میں دونوں ممالک امن اور استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی کوریا انٹرنیشنل سولر الائنس اور انڈو-پیسفک اوشن پہل میں شامل ہونے پر متفق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے “وکست بھارت 2047” کے وژن کو پورا کرنے میں کوریا ایک اہم شراکت دار ثابت ہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
نئی دہلی میں منعقدہ 11ویں سنت ایشور سمان میں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور…
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ہندوستان کی بیٹیوں کو گولڈ میڈل جیتنے پر…
راجہ وڈنگ کے استعفے کے چند گھنٹے بعد کانگریس نے پرگٹ سنگھ کو پنجاب پردیش…
ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…
نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…
گاندھی جینتی پر دہلی سمیت کئی شہروں میں SIR اور مبینہ ’ووٹ چوری‘ کے خلاف…