عالمی فرنیچر اور ہوم ڈیکور کی معروف سویڈش کمپنی IKEA نے ہندوستان کو ’’فوکس مارکیٹ‘‘ قرار دیا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ نہ صرف ہندوستان سے اپنی عالمی سپلائی کے لیے سورسنگ میں اضافہ کرے گی بلکہ مقامی ریٹیل کاروبار کے لیے سورسنگ کو 30 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک لے جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انٹر آئیکیا گروپ (Inter IKEA Group) کی ہیڈ آف سسٹین ایبلٹی فار سپلائی، کرسٹینا نیامیلا اسٹرام نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف مقامی اور عالمی سطح پر صارفین کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کیا جا سکے گا بلکہ سپلائی چین میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
کرسٹینا اسٹرام نے کہا ’’انڈیا ہمارے سورسنگ ممالک کی فہرست میں ٹاپ 10 میں شامل ہے، جہاں سے ہم سالانہ تقریباً 40 کروڑ یورو مالیت کی مصنوعات خرید رہے ہیں۔‘‘ IKEA اس وقت ہندوستان سے ٹیکسٹائل، پلاسٹک اور دھاتوں سمیت مختلف اشیاء حاصل کر رہی ہے، تاہم کمپنی اب صوفے، گدے اور اسٹوریج فرنیچر جیسی نئی مصنوعات کی سورسنگ کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
2018 میں کمپنی نے شروع کیا تھا ہندوستان میں کام
واضح رہے کہ IKEA نے ہندوستان میں ریٹیل آپریشن کا آغاز 2018 میں حیدرآباد میں اپنے پہلے اسٹور کے ساتھ کیا تھا، جس کے بعد نوی ممبئی اور بنگلورو میں اسٹورز کھولے گئے۔ دہلی این سی آر سمیت دیگر شہروں میں بھی اسٹورز کی منصوبہ بندی جاری ہے۔ کرسٹینا اسٹرام نے کہا ’’ہمیں ہندوستان سے خاص محبت ہے اور یہ ملک ہمارے لیے ہمیشہ اہم رہے گا۔ ہم یہاں طویل مدتی منصوبے کے ساتھ آئے ہیں اور ہمیں اس کی ترقی پر مکمل یقین ہے۔‘‘
انھوں نے مزید بتایا کہ کمپنی بھارت میں ایک لاکھ سے زائد کسانوں کے ساتھ مل کر کپاس کی پائیدار پیداوار پر بھی کام کر رہی ہے، جس میں کیمیائی کھاد، پانی اور کیڑے مار ادویات کے استعمال میں کمی لائی جا رہی ہے۔ ان طریقوں سے کسانوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور انھیں بہتر آمدنی حاصل ہو رہی ہے، جب کہ کمپنی کو بہتر معیار کی مصنوعات مل رہی ہیں۔
اس وقت ہندوستان میں IKEA کے براہِ راست سپلائرز میں تقریباً ایک لاکھ ملازمین کام کر رہے ہیں جب کہ دوسرے درجے کے سپلائرز میں یہ تعداد دو لاکھ 70 ہزار کے قریب ہے۔ کرسٹینا اسٹرام کے مطابق کمپنی 2030 تک اپنے کاربن اخراج کو آدھا کرنے اور 2050 تک نیٹ زیرو بننے کے عزم پر قائم ہے۔ واضح رہے کہ Inter IKEA Group وہ ادارہ ہے جو دنیا بھر کے IKEA فرنچائزز کو مصنوعات کی ترقی، سپلائی اور اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی قانونی معاونت اور…
میرٹھ کے لِساڑی گیٹ علاقے میں شراب کی دکان پر مقررہ قیمت سے زیادہ رقم…
اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے بہوجن سماج پارٹی میں بڑا تنظیمی ردوبدل، مایاوتی نے…
دہلی کے شالی مار باغ میں مسجد اور اس کے آس پاس کی مبینہ غیر…
دہلی کے شالی مار باغ میں مسجد اور اس کے آس پاس کی مبینہ غیر…
قومی آیوروید دن کے موقع پر مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے ملک…