مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ۔
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ کے روز نئی دہلی کے وگیان بھون میں نارکو کوآرڈینیشن سینٹر کی دسویں ہائی لیول میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے منعقد کی جانے والی یہ میٹنگ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’نشہ مکت بھارت‘ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے حکومتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ اجلاس ہائبرڈ انداز میں منعقد ہوگا، جس میں 44 مرکزی وزارتوں اور محکموں کے اہم نمائندوں کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومتوں اور منشیات سے متعلق قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے 108 نمائندے شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ امت شاہ ’منشیات پر کنٹرول سے متعلق وژن دستاویز 2026 تا 2029‘ جاری کریں گے۔
مرکزی حکومت کے متعلقہ محکموں، منشیات کے خلاف کارروائی کرنے والی ایجنسیوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے وسیع مشاورت کے بعد تیار کی گئی یہ دستاویز منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے طلب میں کمی، رسد میں کمی اور نقصانات کو کم کرنے کے حوالے سے ایک مشترکہ لائحۂ عمل فراہم کرے گی۔
اس روڈ میپ میں نیٹ ورک پر مبنی نفاذی حکمت عملی کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ تین برسوں کے دوران مصنوعی منشیات اور ڈارک نیٹ کے ذریعے ہونے والی اسمگلنگ کے چیلنجز سے نمٹنے، نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے اور منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی مراکز تک رسائی بڑھانے جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔ یہ تمام اقدامات مربوط اور مسلسل انداز میں نافذ کیے جائیں گے۔
ذمہ داریوں اور اہداف کا واضح تعین
دستاویز میں تمام متعلقہ اداروں اور فریقوں کی ذمہ داریاں، وقت کی حدود اور اہداف واضح طور پر متعین کیے گئے ہیں۔ اس میں قانون نافذ کرنے، طلب میں کمی، بحالی، عوامی بیداری، صلاحیت سازی اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو یکجا کیا گیا ہے۔ یہ وژن دستاویز ملک بھر میں منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے پالیسی سازی، اس پر عمل درآمد اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے ایک رہنما خاکے کے طور پر کام کرے گی۔
سالانہ رپورٹ اور نئے دفاتر کا افتتاح
اس موقع پر امت شاہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی سالانہ رپورٹ 2025 بھی جاری کریں گے اور جموں و گوہاٹی میں قائم نئے علاقائی دفاتر کا افتتاح بھی انجام دیں گے۔ ’’ڈرگ ڈسپوزل فورٹ نائٹ کمپین‘ کے تحت ملک بھر میں منشیات تلف کرنے کی خصوصی کارروائی چلائی جا رہی ہے۔ اس پندرہ روزہ مہم کے دوران مختلف مرکزی اور ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تقریباً دو لاکھ نو ہزار پانچ سو کلوگرام منشیات تلف کیے جانے کی توقع ہے، جن کی مالیت تقریباً چھ ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
اجتماعی کوششوں کا جائزہ لینے کا پلیٹ فارم
یہ میٹنگ ملک میں منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور فریقوں کی اجتماعی کوششوں کا جائزہ لینے اور ان کا تجزیہ کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس پروگرام کے ذریعے ریاستوں، محکموں اور ایجنسیوں کو منشیات پر مؤثر کنٹرول کے ہدف کے حصول کے لیے نئے عزم اور جوش کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔
آئندہ تین برسوں کی حکمت عملی پر غور
ملک میں منشیات کے خلاف مؤثر جنگ کے لیے ’حکومت کے جامع نقطۂ نظر‘ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئندہ تین برسوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات کے غلط استعمال سے نمٹنے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ یہ اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اختیار کردہ ’زیرو ٹالرنس پالیسی‘ کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
بھارت ایکسپریس۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے 25 سالہ عوامی خدمت کے سفر کے موقع پر 17…
یورپی کمیشن کی صدر نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملے کی مذمت کرتے ہوئے…
سیریز کا آخری مقابلہ 17 ستمبر کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ ٹاس ہار…
وزارت خارجہ نے کہا، وزیر اعظم نریندر مودی نے شی جن پنگ سے ملاقات میں…
یو پی آئی، ڈیٹا پروٹیکشن قانون اور سیمی کنڈکٹر مشن کے ذریعے بھارت ڈیجیٹل خودمختاری…
نئے کسٹمز معاہدے سے کلیئرنس میں تاخیر کم ہونے کی امید، اے ای او پروگرام…