قومی

Weather Update: کہیں لو کا قہر، کہیں موسلادھار بارش، ملک بھر میں موسم کے بدلے تیور

نئی دہلی :بھارت کے مختلف حصوں میں موسم نے اچانک اپنے رنگ بدلنے شروع کر دیے ہیں۔ کہیں شدید گرمی اور لو نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں تو کہیں بارش اور تیز ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے بہار، اتر پردیش، ہماچل پردیش، سکم سمیت 18 ریاستوں میں بارش اور آندھی کا الرٹ جاری کیا ہے، جب کہ جنوبی بھارت اور شمال مشرقی علاقوں میں آئندہ چند دنوں تک موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور جلد ہی بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال کے مزید علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔ مانسون کے اثرات کے باعث کیرالہ، لکشدیپ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بارش کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جس سے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

 دہلی -این سی أر میں 25 سے 27 مئی تک شدید لو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اگرچہ 25 مئی کو ہلکی بوندا باندی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، لیکن گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ شام کے وقت تیز ہوائیں 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 26 اور 27 مئی کو بھی شدید گرمی اور لو کا اثر برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

اتر پردیش میں بھی 25 سے 28 مئی تک شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لکھنؤ، وارانسی، گورکھپور، پریاگ راج، کانپور، میرٹھ، آگرہ، بریلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں تیز دھوپ اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جب کہ مشرقی یوپی میں 25 سے 29 مئی کے درمیان گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔راجستھان میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ جے پور، جودھپور، بیکانیر، جیسلمیر، کوٹا، ادے پور اور اجمیر میں 30 مئی تک لو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔بہار میں 25 سے 28 مئی تک آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پٹنہ، گیا، بھاگلپور، پورنیہ، کٹیہار، مظفرپور اور دربھنگہ میں شدید حبس کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 26 سے 28 مئی کے دوران کئی علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اتراکھنڈ میں 25 سے 29 مئی تک موسم میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ دہرادون، نینی تال، ہری دوار، اُدھم سنگھ نگر، چمولی اور پتھورا گڑھ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ ہماچل پردیش کے شملہ، منڈی، کلو، کانگڑا، چمبہ اور سولن میں بھی 25 سے 30 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ 29 مئی کو بعض علاقوں میں اولے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں موسم تیزی سے کروٹ لے رہا ہے۔ کہیں بارش لوگوں کو راحت دے رہی ہے تو کہیں شدید گرمی اور لو زندگی کو دشوار بنا رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں مانسون کی پیش قدمی مزید ریاستوں میں موسم کا مزاج بدل سکتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

IND vs WI: بھارتی سرزمین پر مسلسل تیسرے ون ڈے میں سنچری، ریکارڈ بک میں درج ہوا کپتان گِل کا نام

بدھ کو گوہاٹی میں جاری مقابلے میں مہمان ویسٹ انڈیز نے ٹاس ہارنے کے بعد…

16 minutes ago

PM Modi Cabinet MSP Hike: ربیع فصلوں پر مودی حکومت کا بڑا تحفہ، MSP میں زبردست اضافہ، گندم سمیت کئی فصلوں کی نئی قیمتیں مقرر

وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ کا بڑا فیصلہ، گندم، جو، چنا…

2 hours ago