نئی دہلی — دہلی کے میور وہار علاقے میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں کیونکہ دریائے یمنا کا پانی خطرے کے نشان سے تجاوز کر گیا ہے۔ دارالحکومت میں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بارش کے باعث یمنا میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ میور وہار کے ایک رہائشی اشوک نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ ’’یہ عارضی کیمپ رہائش کے لیے لگائے گئے ہیں… جب سیلاب آئے گا تو دریا کے قریب رہنے والے لوگ اپنے گھروں سے نکل کر ان کیمپوں میں رہیں گے۔‘‘
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں آئندہ چند دنوں تک فعال مانسون کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمے نے آج سے 31 اگست تک ’’گرج چمک کے ساتھ بارش‘‘ کی پیش گوئی کی ہے۔ بدھ کی رات 9 بجے یمنا کا پانی 205.39 میٹر کی سطح پر بہہ رہا تھا۔ دہلی میں پانی کا وارننگ لیول 204.50 میٹر اور خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے، جبکہ 206 میٹر پر لوگوں کے انخلا کا عمل شروع کیا جاتا ہے۔
ہماچل پردیش میں بھی تباہی
مسلسل بارش نے ہماچل پردیش میں بھی تباہی مچا دی ہے۔ بنالہ میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث چندی گڑھ-منالی قومی شاہراہ بند کر دی گئی ہے۔ کُلو ضلع میں بیاس دریا کے طغیانی پر آنے سے شاہراہ کا ایک حصہ بہہ گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے چمبا، کانگڑا اور منڈی کے لیے آج اور کل ’ریڈ الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ 28 اگست کو چمبا، لاہول-اسپیتی، کانگڑا، کُلو اور منڈی میں، جبکہ 29 اگست کو شملا اور منڈی میں ’یلو الرٹ‘ رہے گا۔ اسی طرح 30 اور 31 اگست کو منڈی، شملا اور سولن میں ’اورنج الرٹ‘‘ جاری ہے۔
انخلا اور حفاظتی اقدامات کی اپیل
کُلو کی ڈپٹی کمشنر تورُل ایس رویش کے مطابق بعض علاقوں سے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے کیونکہ پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ ان کے مطابق ’’مسلسل بارش کی وجہ سے قومی شاہراہ کئی مقامات پر متاثر ہوئی ہے۔ بیندھو ڈھانک میں این ایچ-3 کو نقصان پہنچا ہے، بس اسٹینڈ میں پانی بھر گیا ہے، بہانگ میں کچھ ہوٹل اور دکان بھی متاثر ہوئے ہیں۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سیوا تیرتھ میں وزرا کے لیے چنتن شِور شروع کیا…